پر امن مذاکرات اشد ضرورت

 جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مرکز تمام شراکت داروں جن میں حریت کانفرنس بھی شامل ہے کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے اگر وہ آگے آئیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے ان باتوں کا اظہارایک ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے اسے ریاست میں مذاکرات اور افہام و تفہیم کا عمل شروع کرنے کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں رمضان مہینے کے دوران فائیر بندی کے مثبت ماحول کے چلتے امن عمل کو ملک اور ریاست میں حوصلہ افزا محسوس کر کے تمام متعلقین کے ساتھ پُر امن مذاکراتی عمل شروع کرنا چاہئے ۔ وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ حریت کانفرنس جیسے گروپوں اور پارٹیوں کو اس موقعے کا فائدہ اٹھا کر ریاست کے عوام کے تئیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ان گروپوں کو بالغ نظری کا بھی مظاہرہ کرنا چاہئیے تا کہ یہ موقع ضایع نہ ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو نہ تھمنے والے تشدد کئے بھنور سے باہر نکالنے کیلئے تمام متعلقین کے ساتھ پُر امن مذاکرات شروع کرنا ضروری ہے تا کہ یہاں کے لوگوں کو ایک محفوظ ترقی یافتہ اور پُر امن مستقبل نصیب ہو سکے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ بارہا اس اعادے کو دوہراتی آئیں ہیں کہ مذاکرات ہی مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے کیونکہ دورِ جدید کے دوران تشدد نے اپنی افادیت کھو دی ہے اور اس کی وجہ سے لوگوں اور سماجوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ مخالف قومیں جیسے امریکہ اور نارتھ کوریہ ، نارتھ کوریہ اور ساؤتھ کوریہ کو بھی اپنے معاملات حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا پڑا ۔