پریہار برادران اور چندر کانت کی ہلاکت

کشتواڑ//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندرسنگھ رانا نے بی جے پی لیڈر انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہارو آر ایس ایس کارکن چندرکانت اور ان کے محافظ کی ہلاکتوں کی تحقیقات میں تیزی لاکر ملوثین کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملوثین کو بے نقاب کرکے ان کے خلا ف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔رانا کاکہناتھاکہ پولیس فاسٹ ٹریک بنیاد پر تحقیقات کرے اور ملوثین کو سبق آموز سزا دی جائے ۔رانا نے ان باتوں کا اظہار ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ پریہار براداران کے گھر کا دورہ کرنے کے بعد کیا ۔رانا نے کہاکہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑ اکیاجاناچاہئے اور یہ ایسا جرم ہے جس نے نہ صرف بے گناہ جانیں لیں بلکہ اس سے انتہائی حساس اس قصبہ کے ماحول کو بھی خراب کیا ۔تاہم انہوں نے مقامی عوام کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے امن و بھائی چارے کا دامن تھامے رکھا۔انہوں نے کہاکہ کشتواڑ کے لوگ قابل مبارکباد ہیں جنہوں نے امن دشمن عناصر کی کوششوں کو کامیا ب نہیں ہونے دیا اوریہاں بھائی چارے کی فضا بنائے رکھی ۔