غلام محمد
سوپور// سوپور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عام لوگوں اور کاروباری افراد کو مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے موسم سرما سے پہلے بجلی شیڈول میں ناکامی پر پی ڈی ڈی کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔قصبہ کے مختلف علاقوں بشمول آرم پورہ، بٹہ پورہ مہاراج پورہ، آڈی پورہ، نور باغ، جامعہ قدیم، امرگڑھ، سید پورہ، براٹھ کلاں اور دیگر علاقوں کے مکینوں نے الزام لگایا کہ وہ روزانہ گھنٹوں بجلی کی کٹوتی کا شکار ہیں اور اس کے باوجود محکمہ پی ڈی ڈی کو بار بار درخواستوں کے باوجود ان کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
ایک مقامی رہائشی غلام نبی ملک نے کہا’’ہمیں دن رات بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر پی ڈی ڈی بلاتعطل بجلی کی فراہمی فراہم کرنے سے قاصر ہے تو وہ ہم سے بجلی کی قیمت وصول کرنے کا حق نہیں رکھتا‘‘۔ نور باغ کے ایک رہائشی نوید احمد میر نے کہا کہ بار بار بجلی کی کٹوتی نے کاروباری برادری اور طلباء کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں بجلی کی مسلسل بندش سے زندگی مشکل ہو جاتی ہے۔ بٹہ پورہ سوپور سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم عزیر فاروق نے بتایا کہ رات کے اوقات میں بجلی کے کھیل کی وجہ سے صحیح طریقے سے تعلیم حاصل کرنے میں دقتوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ سمارٹ میٹر والے علاقوں میں 24 گھنٹے میں مشکل سے 10 گھنٹے بجلی ملتی ہے اور بغیرمیٹر والے علاقوں میں مشکل سے ہی بجلی ملتی ہے۔لوگوں نے حکام سے اس معاملے پر غور کرنے کی اپیل کی اورخبردار کیا کہ اگر مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پراحتجاجی مہم چھیڑ دیں گے۔ زینہ گیر پٹی میں بھی صورتحال مختلف نہیں ہے کیونکہ ڈورو، ڈانگر پورہ، ہردوشیوا، منڈجی، وارپورہ، ہتھ لنگو، سید پورہ، براٹھ کلان اور دیگر آس پاس کے علاقوں سمیت درجنوں دیہات میں بھییہی شکایات مل رہی ہیں۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے اس معاملے پر غور کرنے کی اپیل کی ہے۔