سرینگر// انتظامیہ کی طرف سے ضلع و بلاک ترقیاتی کونسل انتخابات کے دورن جنوبی کشمیر میں ٹرانسپورٹروں سے انتخابی مقاصد کیلئے کرایہ پر لی گئی چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کے واجب الادا کرایہ کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹروں نے سرینگر میں احتجاج کیا۔ پیر کو سائوتھ کشمیر سومو ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جھنڈے تلے درجنوں سومو ڈرائیور پریس کالونی لالچوک میں جمع ہوئے اور اپنی مانگوں کو لیکر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ احتجاجی سومو ڈرائیور کاکہنا ہے کہ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے دوران جنوبی کشمیر میں انتظامیہ نے سومو گاڑیوں کی خدمات حاصل کیں اور وعدہ کیا کہ ایک مہینے کے اندر مقررہ کرایہ کی رقومات ادا کی جائیںگی۔ سائوتھ کشمیر سومو ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے بتایا، ’’ انتظامیہ نے بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی الیکشن کے دوران 428سومو گاڑیوں کی خدمات حاصل کیں اور فی گاڑی نے 18سے25دنوں تک کام کیا اور کُل رقم 4کروڑ 48لاکھ روپے ہیں ،جو آج تک واجب الادا ہے‘‘۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ ایام میں انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے لیکر صوبائی کمشنر کے دروازے تک پر بھی دستک دی اور استدعا کی کہ رقومات کی عدم ادائیگی سے ڈرائیوروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے،تاہم آج تک واجب الادا رقومات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ اے آر ٹی او اننت ناگ نے بھی وعدہ کیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر رقومات ادا کی جائیںگی جو سراب ثابت ہوا۔ جنرل سیکریٹری نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جنوبی کشمیر کی انتظامیہ اور صوبائی کمشنر کشمیر سے استدعا کی کہ سوموڈرائیوروں کے4کروڑ48لاکھ روپے کو واگزار کیا جائے تاکہ ان کی پریشانیاں دور ہوسکے۔
پریس کالونی میںجنوبی کشمیر کے سوموڈرائیوروں کااحتجاج | 4کروڑ48لاکھ روپے کاواجب الاداکرایہ اداکرنے کا مطالبہ
