پرگوال کھوڑمیں پردیش کانگریس کمیٹی کااحتجاجی مظاہرہ

 جموں//پردیش کانگریس کمیٹی کے بینرتلے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ تاراچندکی قیادت میں کھوڑمیں پرگوال تحصیل ہیڈکوارٹرمیں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس دوران مظاہرین نے حکومت سے سرحدی علاقوں کے لوگوں کوپلاٹ الاٹ کرنے ،خصوصی بھرتی اورمالی امدادفراہم کرنے کامطالبہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے احتجاج کے بعد تحصیلدارپرگوال کواپنی مانگوں پرمشتمل میمورنڈم پیش کیا۔سول آبادی کو نشانہ بنانے کے لئے تارا چند نے پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ سرحد پار کی جانب کی جارہی بے تحاشہ گولہ باری سے بچنے کے لئے سرحدی علاقوں کے لوگ اپنا گھر بار اور مال واسباب چھوڑ کر اپنی جان بچانے کے لئے محفوظ مقامات کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ ان لوگوں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے فوری طور سے موثر قدم اٹھائے انہوں نے کہ سابقہ حکومت نے ان لوگوں کو محفوظ مقامات پر پلاٹ الاٹ کئے تھے مگر ان میں سے بہت سارے لوگ مالی تنگی کی وجہ سے مکان بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اس لئے ان لوگوں کو مالی معاونت کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحدی علاقوںمیں پاکستانی فائرنگ سے زخمی ہوئے مال مویشیوں کے علاج کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیمیں جلد روانہ کرے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایسے لوگوں جن کا مال میویشی مر گیا ہے ،کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ کی ۔ انہوں نے متاثرین کو کانگرس پارٹی کی طرف سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔اس موقعہ تاراچندنے سرحدی گولی باری میں ہلاک ہونے والے شخص کے لواحقین کودس لاکھ روپے معاوضہ اورزخمی کوایک لاکھ روپے دینے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت سرحدی عوام کی مشکلات کودورکرنے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے۔مظاہرین میں سابق ایم ایل اے اورپی سی سی جنرل سیکریٹری ٹھاکربلوان سنگھ، رومیش ورما، جوائنٹ سیکریٹری پی سی سی نریندرشرما، ٹھاکر ہری سنگھ چب ،سورم سنگھ منہاس، رام سروپ شرما، بلاک صدرپرگوال، دلجیت سنگھ، بلاک صدرکھوڑبیساکھی سنگھ،بلاک صدرسامبہ جگدیش راج،بلاک صدرکہارا بالی ستیان شرما، مدن لال شرما،سرپنچ پنچ ودیگران شامل تھے۔