پروفیسر نجمہ اختر کی تقرری پرپروفیسر شاہد اخترکا اظہارِ تہنیت

نئی دہلی//جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر کی حیثیت سے ماہر تعلیم پروفیسر نجمہ اختر کی تقرری پر قومی اردو کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر شاہد اختر نے اظہارِ تہنیت کرتے ہوئے کسی بڑے ادارے میں کسی مسلم خاتون کو اعلیٰ عہدے پر فائز کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔  جامعہ ملیہ اسلامیہ کی96 سالہ تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو اعلیٰ عہدے پر فائز کیا گیا ہے ۔ پروفیسر شاہد اختر نے اس تقرری کو مسلم خواتین کو پسماندگی سے نکالنے اور مساوی حقوق و مواقع دیئے جانے کے اقدام پر محمول کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح مسلم عورتوں کو تعلیمی، سماجی، سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کی حکومت کی کوششوںکو مہمیز لگے گی۔ کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد نے پروفیسر نجمہ اختر کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں جامعہ ملیہ اسلامیہ ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا ، نئے شعبہ جات کے قیام سے جامعہ کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوگا اور خواتین کے لیے یقینی طو رپر نئے شعبے کا قیام ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔  محترمہ کی سربراہی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایک مثالی ادارے کی حیثیت سے پوری دنیا میں اپنی شناخت قائم کرنے کے یقین کیساتھ ڈاکٹر احمد نے کہا کہ وائس چانسلر کی حیثیت سے نجمہ اختر کی تقرری سے مسلم خواتین میں ایک مثبت پیغام بھی جائے گا جس سے خواتین کو نہ صرف نئی تحریک ملے گی بلکہ ان کے اندر بھی ایک نیا حوصلہ اور نیا عزم جنم لے گا۔