پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن کی کارکردگی کاجائزہ

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کے دوران جموں اینڈ کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن ( جے کے پی سی سی ) کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی شیلندر کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ،ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس جے اینڈ کے ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں / کشمیر ، جنرل منیجر جے کے پی سی سی ، ڈپٹی جنرل منیجران اور جے کے پی سی سی کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔مشیر بھٹناگر نے مختلف پروجیکٹوں کی طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام جاری پروجیکٹوں پر کام کی رفتار میں سرعت لائیں تاکہ انہیں وقت پر مکمل کیا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَفسران سے جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت کو چیک کرنے کے لئے باقاعدگی سے سائٹ کا دورہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایم ڈی جے کے پی سی سی کو ہدایت دی کہ وہ تمام مکمل شدہ پروجیکٹوں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کریں تاکہ انہیں عوامی اِستعمال کے لئے وقف کیا جاسکے۔اُنہوں نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہرسطح پر شفافیت کو یقینی بنائیں، معیار کو برقرار رکھے اور تکمیل کی تاریخوں کی پابندی کرے۔دورانِ میٹنگ مشیرموصوف نے آئی آئی ایم جموں کی طرف سے کارپوریشن کے کام کو بہترطریقے سے چلانے کے لئے تیار کئے گئے پانچ سالہ کاروباری منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ جنوری 2021 سے اکتوبر2021ء تک جے کے پی سی سی کی جانب سے 32 منصوبے مکمل کئے گئے جبکہ مارچ2022ء تک مزید 39 منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔ میٹنگ کا یہ بھی جانکاری دی گئی کہ جے کے پی سی سی نے رواں مالی سال  158.27کروڑ روپے کے کاموں کو (2022-2021) کے اکتوبر مہینے تک اَنجام دیا ۔