پروجیکٹ متاثرین کو فوری طور پر مکانات خالی کرنے کا حکم

کشتواڑ// ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے آج علاقہ دچھن کا دورہ کیا جہاں پاور پراجیکٹ کا کام کافی مدت سے چل رہا ہے۔  اس دوران انہوں نے جے پی کمپنی کے افسران سے میٹنگ منعقد کی جہاں پاور پراجیکٹ سے متاثر افراد بھی موجود رہے اور دیگر افراد بھی موجود رہے۔دوران میٹنگ، انہوں نے پاور پراجیکٹ سے متاثر ان لوگوں کی اپنے اپنے رہائشی مکانات خا لی کرنے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دیا جو کہ معاوضہ کی رقم قبل ہی وصول کرچکے ہیں اور کہا کہ پاور پراجیکٹ کی تعمیرات میں کسی بھی طرح کی غیر قانونی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس دوران، متاثر لوگوں نے علاقہ دچھن کے گاؤں ڈنگڈورو میں ایک نئے سکول کھولنے کا مطالبہ کیا جو قبل دوسرے علاقہ میں تعینات تھا لیکن پاور پراجیکٹ کی آمد سے اس کا وجود مٹ چکا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سکول کے وجود کو پھر سے آباد کرنا لازمی ہے تاکہ بچوں کی تعلیم پر کوئی اثر نہ پڑے۔ تعلیم سے منسلک مطالبہ پر، موقعہ پر ہی ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے چیف ایجوکیشنل آفیسر کشتواڑ کو یکم مارچ 2019 سے قبل ہی علاقہ دچھن کے گاؤں ڈنگڈورو میں ایک نئے سکول کھولنے کی ہدایت کی تاکہ بچوں کی تعلیم پر پاور پراجیکٹ کی تعمیرات سے کوئی اثر نہ پڑے۔ اس کے علاوہ، مقامی لوگوں نے پانی کی شدید قلت کو دور کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ حکام کے اعلی افسر کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی شدید قلت کو جلد از جلد دور کرے تاکہ مقامی لوگ کو قدرتی نعمت سے محروم نہ رہنا پڑے۔اس موقعہ پر لوگوں نے لگاتار شدید برفباری سے متاثربجلی کی جلد دستیابی کا مطالبہ کیا جس پر مقامی لوگوں کو بجلی کی جلد از جلد دستیابی کی یقین دہانی کرائی گئی۔