پروجیکٹ متاثرین کا دچھن کے مختلف مقامات پر احتجاج | پولیس پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا الزام، چیئرپرسن کا ہیڈکوارٹر میں احتجاج جاری

کشتواڑ//علاقہ دچھن میں زیرتعمیر پکل ڈول پاور پروجیکٹ سے متاثرہ عوام نے مختلف مقامات پرکمپنی کے خلاف احتجاج کیا ۔منگل کو ڈنگڈور میں پروجیکٹ سائٹ پر مقامی لوگوں نے احتجاج کیا اور کمپنی کا کام بند کرایا جسکے بعد پولیس نے انھیں روکا جبکہ مقامی لوگوں و خواتین نے پولیس پر بدسلوکی کا الزام عاید کیا جسکے بعد پروجیکٹ سایٹ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ علاقہ دچھن کے دیگر مقامات پر بھی لوگوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔سوندر میں مرد و خواتین نے تحصیلدار دفتر کے باہر احتجاج کیا اور کمپنی کے خلاف جم کرنعرے بازی کی۔ ادھرکشتواڑضلع ہیڈکوارٹر میں اپنے دفتر میںچیئرپرسن و دیگر ممبران کا احتجاج بھی جاری رہاجس دوران بدھ کوبھی سماجی کارکنوں و دیگر لوگوں نے احتجاج میں شمولیت کی اور احتجاج کررہے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ انکی مکمل حمایت میں ہیں۔ 
 
 

 اک جٹ جموں کشتواڑ اکائی کی حمایت 

عاصف بٹ
کشتواڑ//اک جٹ جموں ضلع کشتواڑ کی اکائی بیروزگار نوجوانوں کو پاور پروجیکٹ میں روزگار فراہم کرنے کو لیکر احتجاج کررہی ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن کی حمایت میں آگئی۔کشتواڑ میں پریس کانفرس میں منیشور شرما نے بتایا کہ کشتواڑ کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے اگر کوئی بھی سامنے آتا ہے تو وہ انکے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ ضلع پاور پاورجیکٹوں کا مرکز بن چکا ہے لیکن باوجود اسکے یہ کمپنیاں بے رزوگار نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہیں اور ہمارے قدرتی وسائل کو خراب کرکے اپنا فائیدہ کررہی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کچھ لوگ اسے سیاست کرنے کی بات کررہے ہیںلیکن ضلع کے لوگ سب کچھ جانتے ہیں اور یہ سب سیاست نہیں ہورہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ آنے والے دنوں میں وہ سبھی بیروزگار نوجوانوں نے کو لیکر احتجاج کرینگے اور سبھی کمپنیوں کے اندر کام بند کرینگے۔