جموں//پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں ڈاکٹر ششی سوڈان نے کووڈ ہسپتال گاندھی نگر کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے کووِڈ مثبت مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی تجزیہ اور معائنہ کیا۔ دورے کے دوران اُن کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹرایسوسی ایٹیڈ ہسپتال جموں ناجندرسنگھ جموال،میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کووِڈ ہسپتال گاندھی نگر ڈاکٹر ارون شرما اور دیگر اَفسر ان تھے۔دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ کووِڈ ہسپتال میں تیاری کی سطح میں اضافہ اور نگہداشت کی اہم سہولیات کو تیز کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ طبی نگہداشت کے لئے گاندھی نگر نامزد کووِڈ ہسپتال ہے لہٰذا ہمیں تمام چیزوں کو مناسب جگہ پر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو بہترین علاج و معالجہ مہیا کیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ جب ہم وَبائی مرض سے نمٹ رہے ہیں ہمیں ہر لحاظ سے تیار رہنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا’’ میں چاہتا ہوں کہ ہر چیز دستیاب ہو تاکہ جب بھی کوئی مریض آئے تو اسے مناسب طبی امداد فراہم کی جانی چاہئے۔ ہمیں اَپنے دستیاب وسائل کو بہتر بنانا ہوگا۔‘‘ ڈاکٹر سوڈان نے ہسپتال میںآئیسولیشن اور دیگر کریٹیکل کیئر سہولیات کے بارے میں خاص خیال رکھناچاہیئے اور اُنہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت سے نمٹنے کے لئے 18 اہم نگہداشتوں کو ہر لحاظ سے تیار رکھیں۔اُنہوںنے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام آنے والے ضرورت مند مریضوں کے لئے آکسیجن اور دیگر ضروری نگہداشت کے سازو سامان جیسے کارڈنل مانیٹر ، وینٹلی لیٹر وں کے علاوہ 1000 آکسیجن سلنڈروں کو بفر سٹاک رکھیں اور ہسپتال اِنتظامیہ کو یقین دِلایا کہ اُنہیں ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ دورے کے دوران پرنسپل نے ہسپتال کی تمام منزلوں کا چکر لگایا جس میں میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے انہیں کووِڈ مریضوں کے لئے تمام سہولیات جو ہسپتال میں دستیاب کی جارہی ہیں دکھائیں۔پرنسپل نے ہسپتال کے نوزائیدہ انٹنس یو کیئر یونٹ اور پیڈیاٹرک انٹنس یو کیئر یونٹوں کا بھی معائینہ کیا۔بعدمیں پرنسپل نے ہسپتال میں کووِڈ وبائی مرض سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کو بہترصحت سہولیات کی فراہمی کے بارے میں اَفسران سے تبادلہ خیال کیا۔پرنسپل نے وہاں پیرا میڈیکل اور نرسنگ عملہ کے ساتھ بھی بات چیت کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ یہاں داخل مریضوں سے نمٹنے کے دوران پوری احتیاط برتیں اور کووِڈ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کریں۔اس کی کووڈ تخفیف کی کوششوں میں گاندھی نگر ہسپتال میں پیرامیڈیکل عملے کی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے پرنسپل نے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کو جی ایم سی جموں میں گاندھی نگر ہسپتال کے انسانی وسائل کی تربیت کے لئے ایک پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ہسپتال میں مریضوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں ہسپتال میں ہر قسم کی سہولیت فراہم کی جائے گی۔اس موقعہ پر ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال جموں ناجیندر سنگھ جموال موجود تھے نے کہا کہ وہ کووِڈ معاملات پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے ہم تیاریوں میں سرعت لارہے ہیں۔