پرنسپل سیکریٹری شہری ترقی رئیل ایسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نامزد

سرینگر//جموں کشمیر حکومت نے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی(جائیداد سے متعلق کاروبار کی انضباطی اتھارٹی) کی تشکیل میں تاخیر کے درمیان، پرنسپل سیکریٹری، شہری ترقی ومکانات کو ریئل اسٹیٹ ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ2016 -کے تحت نامزد کیا ہے۔جموں و کشمیر کی لیفٹیننٹ حکومت نے ریئل اسٹیٹ ریگولیشن قانون کے تحت پرنسپل سکریٹری، مکانات و شہری ترقی کو ریگولیٹری کے طور پر بااختیار کیا۔ریگیولٹری اتھارٹی مکانات و شہری ترقی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے’’رئیل ایسٹیٹس(ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) ایکٹ مجریہ2016  کے  دفعہ20 کی ذیلی دفعہ (1) کے 3ضابطے کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کے استعمال میں، لیفٹیننٹ گورنر کو ہاوسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کے پرنسپل سکریٹری کو  مذکورہ مقاصد کے لیے نامزد کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے۔ ‘‘قانون کے تحت، ایک انضباطی اتھارٹی کے قیام تک، حکومت، حکم کے ذریعے، کسی بھی ریگولیٹری اتھارٹی یا کسی افسر کو ترجیحی طور پر ہاوسنگ محکمے کے سیکریٹری کو قانون کے تحت ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر نامزد کرے گی۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے گزشتہ سال رئیل اسٹیٹ(ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) ایکٹ، مجریہ 2016  کے تحت ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی تشکیل کا عمل شروع کیا تھا۔فروری 2021 میں، ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایک اشتہار جاری کیا ہے جس میں  جائیداد سے متعلق کاروبار کی انضباطی اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبر(ممبروں) کے عہدے پر انتخاب کے لیے اہل/خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔لیکن ایک اعلی سطحی کمیٹی نے ابھی تک  جائیداد سے متعلق کاروباری کی انضباطی اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبران کی تقرری کے لیے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینا ہے۔