نیوز ڈیسک
بارہمولہ//’ دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیوں پر سیلاب کے انتظام کے کام کیلئے جامع منصوبہ کے عنوان سے آنے والے پروجیکٹ کا مجموعی جائزہ لینے کیلئے پرنسپل سیکریٹری جل شکتی اشوک کمار پرمار نے چیف انجینئر محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر اور ضلع کے دیگر سینئر انجینئروں کے ہمراہ نگلی سوپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دریائے جہلم کے آؤٹ فال چینل کے فیز II پارٹ اے کی تکمیل کے مستقبل کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا ۔اننت ناگ سے اوڑی تک فیز II کے فلڈ منیجمنٹ پروجیکٹ کی کل لاگت 1623.43 کروڑ روپئے ہے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس منصوبے کے تحت دریائے جہلم کی لمبائی ننگلی سے ایل او سی تک تقریباً 79 کلو میٹر اور اس کی مختلف معاون ندیوں پر سیلاب سے بچاؤ کے مختلف کام کئے جائیں گے ۔ شروع میں پرنسپل سیکریٹری نے پروجیکٹ سے متعلق مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں اراضی اور ڈھانچوں کا معاوضہ ، پشتوں کو اونچا کرنا ، سوپور سے بارہمولہ تک آؤٹ فال چینل کو چوڑا کرنا اور مختلف متعلقہ امور شامل ہیں ۔ پروجیکٹ کا مجموعی جائزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ بخوبی مکمل ہو گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔ پرنسپل سیکریٹری نے متعلقہ نمائندوں کے ساتھ بھی تفصیلی بات چیت کی اور عمل آوری ایجنسیوں کو درپیش مسائل سُنے ۔ انہوں نے چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی جے اینڈ پر زور دیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر ان کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے امکانات تلاش کریں تا کہ پروجیکٹ کو مقررہ مدت میں بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے ۔ قبل ازیں پرنسپل سیکریٹری نے پادشاہی باغ میں فلڈ سپل چینل کے شروعاتی پوائنٹ کا معائنہ کیا جہاں انہیں چینل کو چوڑا کرنے اور ڈریجنگ کیلئے کئے جا رہے کاموں کی حالت کے بارے میں بتایا گیا ۔ انہوں نے بمنہ مقام پر اسپل چینل کا بھی معائنہ کیا ۔