پرنسپل سیکرٹری نے وائی ایس ایس کپ۔ 2022ء کا ای لانچ کیا

 جموں//پرنسپل سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود ( وائی ایس ایس ) آلوک کمار نے  ایم اے سٹیڈیم کے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس میں وائی ایس ایس کپ۔2022ء کا اِی ۔ لانچ کیا۔اُنہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ اَپنے اَپنے علاقوں میں منعقد ہونے والی کھیل سرگرمیوں میں پنچایت راج اِداروں ( پی آر آئیز) کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنروں ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسلروں ، کارپوریٹروں ، سرپنچوں اور پنچوں کو جموںوکشمیر یوٹی میں منعقد ہونے والے کھیل مقابلوں میں شرکت کے لئے مدعو کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران سے کہا کہ وہ نوجوانوں کو منشیات کے مضر اَثرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ کھیل مقابلوں کی اِفتتاحی تقریبات کے دوران منشیات کے خاتمے کے لئے حلف برداری کی رسم کو لازمی بنائیں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس غضنفر علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( جموں ) جتندر مشرا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ( پلاننگ ) روی کمار شرما موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے کھلاڑیوں کے غیر جانبدار انہ اور شفاف رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لئے کہا کہ کھیل مقابلوں کے لئے منتخب ہونے والے مقامات ترجیحاًپنچایتوں میں ہوں ۔ اُنہوں نے کہا کہ وائی ایس ایس کپ ۔2021ء میں شرکت کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیئے اور رجسٹریشن سب کے لئے کھلی ہونی چاہئے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کھیل سرگرمیوں کے اِنعقاد کے لئے مختلف پنچایتوں میں جگہوں کا اِنتخاب کرنا،پنچایت سطح پر کھیل کے میدانوں کو تیار کرنے اور کھیل سامان کو دستیاب کرنے کے دو مقاصد کو پورا کرے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ مختلف کھیل مقابلوں کے اِفتتاحی اور اِختتامی تقاریب میں شرکت کرنے والے معززین کو ہمیشہ منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کے بُر ے اَثرات پر غور و فکر کرنے کا ذریعہ بنانا چاہئے۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ 24؍ اپریل کو ہونے والے قومی یوم پنچایت کومناسب اَنداز میں منانے کی تیاری شروع کریں۔ڈائریکٹر سپورٹس نے محکمہ کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔