پرنسپل سیکرٹری نے رِنگ روڑ پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا

  جموں //پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی ترقی اور نگرانی روہت کنسل نے آج جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ جموں رِنگ روڑ پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈی سی جموں نے اس موقعہ پر پروجیکٹ کی پیش رفت اور اس میں حائل رُکاوٹوں کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں ضلع میں کل 50 گائوں رِنگ روڑ کے دائرے میں آتے ہیں اور ان تمام گائوں میں 90فیصد اراضی حاصل کی جاچکی ہے۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 58.5کلومیٹرلمبا چار گلیاروں والا جموں رِنگ روڑ 2023.87کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاجارہا ہے اور اس میں 8بڑے پل ، 6فلائی اوور اور دوٹنلوں کے علاوہ چاروایا ڈکٹ شامل ہیں۔علاوہ ازیں بتایاگیا کہ 28کلومیٹر سڑک پر کام جاری ہے اور اس سے 31؍مارچ 2019تک مکمل کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اراضی کے مالکان کو باقی ماندہ معاوضہ فوری طور سے واگزار کریں۔ روہت کنسل نے پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی کو ہدایت دی کہ وہ پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر محکموں کے ساتھ رابطہ بنائے رکھیں تاکہ رِنگ روڑ پروجیکٹ کی تعمیر خوش اسلوبی سے جاری رہے۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے ڈی سی جموں کے ہمراہ سرور ، بشناہ اور نگروٹہ علاقوں میں کام کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر متعلقہ محکموں کی کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔