پرنسپل سیکرٹری ثقافت نے سرتھل کشتواڑ میں میگا عوامی دربار کی صدارت کی

 عظمیٰ نیوز سروس

کشتواڑ//پرنسپل سیکرٹری ثقافت سریش کمار گپتا نے ضلع کشتواڑ کے سرتھل علاقے میں میگا عوامی دربار کی صدارت کی اور لوگوں کی شکایات سُننے کے علاوہ کشتواڑ آئیڈل سیزن 2.0 گانے کے مقابلے کے تحت گراؤنڈ آڈیشن میں شرکت کی ۔ کمیونٹی کے خدشات کو دور کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے عوام کے ساتھ رابطہ کیا جہاں سرتھل علاقہ کی مختلف پنچائتوں کے عوامی نمائندوں نے متعلقہ علاقوں کے مطالبات اور خدشات کو پیش کیا ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، اے سی ڈی کشتواڑ ، سی پی او کشتواڑ ، سی ای او ، سی ایم و ، ڈی ایس بلیو او ، ڈی پی او ، تحصیلدار کشتواڑ سمیت دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لوگوں کی شکایات کا ان کے گھر پر ازالہ کیا جائے اور ہر فرد کو فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کا فائدہ پہنچے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ضلع کے ترقیاتی پروفائل کو بلند کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ سرگرم عمل رہیں ۔ ضلعی انتظامیہ اور کمیونٹی کے درمیان مشترکہ کوششوں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے روشنی ڈالی کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق مختلف ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔ مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دربار کے دوران اٹھائے گئے مسائل کی جانچ کی جائے گی اور متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھا کر ان کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ضلع انتظامیہ کشتواڑ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں اٹھائے گئے ’’ ہیلو کشتواڑ ‘‘ اقدام کی تعریف کی جس میں آئی وی آر ایس سسٹم لوگوں کی شکایات کو فون پر ریکارڈ کرتا ہے اور دور دراز کے غریب لوگوں کی آسانی کیلئے اس کے وقتی ازالہ کا یقین دلایا ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے لوگوں کی شکایات کو ان کے دروازے پر دور کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی پیش رفت کا خاکہ پیش کیا ۔ اس دوران پرنسپل سیکرٹری نے معززین کے ساتھ محکمہ کے اسٹالز کا معائینہ کیا اور مختلف محکموں کے افسران اور عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ عوامی دربار کے ساتھ ساتھ پرنسپل سیکرٹری نے ڈی سی کشتواڑ اور دیگر افسران کے ساتھ سرتھل کے مقامی گلو کاروں کیلئے ایچ ایس ایس سرتھل میں کشتواڑ کے مقامی گلو کاروں کیلئے ضلع انتظامیہ کشتواڑ کی طرف سے شروع کئے گئے کشتواڑ آئیڈل سیزن 2 کے تحت گراؤنڈ آڈیشن کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کشتواڑ آئیڈل سیزن 1 اور سیزن 2 کے فاتحین کو جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز کے ذریعے یو ٹی سطح پر نوازا جائے گا ۔