عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// فلائٹ سیفٹی بڑھانے کے مقصد کے تحت، شہری ہوابازی ریگولیٹر، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نئے اقدامات پر غور کر رہا ہے جو فلائٹ کے عملے کے ارکان کو روزمرہ کی الکحل زدہ مصنوعات کے استعمال سے روک سکتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق، ان مصنوعات میں پرفیوم، ادویات اور دانتوں کیلئے حفاظتی اشیاء شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس تجویز کے پیچھے کا مقصد عملے کے ارکان کو فلائٹ سے پہلے یا بعد ازاں بریتھالیزر (BA) ٹیسٹ کے دوران مثبت آنے سے روکنا ہے۔ڈی جی سی اے کی تجویز کے مسودے کے مطابق ’’شراب کے استعمال کے لیے ہوائی جہاز کے عملے کے طبی معائنے کے طریقہ کار‘‘ میں ترمیم کرنے کے لیے عملے کے ارکان کو کسی بھی قسم کی دوائی، فارمولیشن، یا ماؤتھ واش، ٹوتھ جل، پرفیوم، یا اس سے ملتی جلتی کسی بھی مصنوعات کے استعمال سے منع کیا جائے گا۔