پرفیسر وانی کشمیریوں کے بے باک ترجمان تھے: ملک

 سرینگر//پروفیسر عبدالاحد وانی کو ایک باصلاحیت شخصیت قرار دیتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ مرحوم نے اپنی گونا گوں صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے رواں جدوجہد کو اقوام عالم تک پہنچانے کی انتھک محنت کی ۔انہوں نے کہا کہ ان کی ہلاکت سے پیدا ہونے والا خلا آج تک پرُ نہیں کیا جاسکا ہے ۔ یاسین ملک فرنٹ کے صدر دفترپر پروفیسر وانی کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر وانی جیسے مفکر اور دانشور قوموں کا افتخار ہو ا کرتے ہیں اور کشمیر کی تاریخ جب رقم کی جائے گی مرحوم کا ذکر سنہری الفاظ میں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موصوف نے سماجی ،صحافتی، سیاسی،قانونی اور سفارتی محاذوںپر تحریک آزادی کی پیشوائی کی۔ ملک کے مطابق سفارتی محاذ پر انہوں نے دنیا کے بڑھے بڑھے اداروں اور عالمی رہنمائو ں سے اپنا لوہا منوایا اور کشمیریوں کے مقدس کاز کی بے باک ترجمانی کی ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ہر قسم کے حالات میں تحریک آزادی کی شمع کو فروزاں رکھیں اور یہ عہد کریں کہ ان قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔اس موقع پر قرآن خوانی کی محفل آراستہ کی گئی اور آخرپر جملہ شہداء  کے حق میں دعائے مغفرت بھی کی گئی۔