پردیپ شرما نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

 پونچھ//بھاجپا کے سینئر لیڈر وایم ایل سی پردیپ شرما نے محلہ کھوڑی ناڑ کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوںنے تعمیراتی کاموں میں استعمال کئے جارہے مواد کا معائنہ کیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے متعلقہ ٹھیکیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام میںمعیاری مواد استعمال کریں۔اس دوران انہوںنے مقامی لوگوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ کاموں کے معیار پر نظر رکھیں اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ غیر معیاری کام نہ ہونے پائیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو معیار کے بارے میں کوئی خدشہ ہوتو وہ انہیں اطلاع دے تاکہ اس پر کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پونچھ قصبہ کو صاف و شفاف رکھاجائے اور اس کی جدید خطوط پر تعمیروترقی کی جائے ۔ایم ایل سی نے کہاکہ وہ مختلف مقامات پر نئے طرز کے بیت الخلاء تعمیر کروائیں گے ۔