پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں راج بھون سے کشمیر اور جموں صوبوں کے ایک ایک اضلاع کے لئے 22گاڑیوں پر مشتمل’’ سوبھاگیہ رَتھ‘‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔گورنر کے مشیر بی بی وِیاس ، کے وِجے کمار اور خورشید احمد گنائی کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور اَجے گپتا ، ڈپٹی کمشنر جموں ، رومیش کمار اورمحکمہ بجلی کے کئی چیف انجینئر اور سپر انٹنڈنٹ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئر اس موقعہ پر موجود تھے۔سوبھاگیہ رَتھ ’’ پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا ‘‘ 30؍ نومبر 2018ء تک ہر ضلع میں گشت کر نے کے دوران کسی بھی بغیر بجلی کے گھر کی نشاندہی انجام دے گا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جن گھروں کو ابھی تک بجلی فراہم نہیں کی گئی ہے وہ متعلقہ سکیم کے تحت سوبھاگیہ رَتھ کے انچارج کو بجلی کا کنکشن فراہم کرنے کے لئے رابطہ کریں گے۔ڈیولپمنٹ کمشنر پاور( ڈی سی پی) اجے گپتا نے اس موقعہ پر کہا کہ سوبھاگیہ سکیم ایک برس پہلے وزیر اعظم نے شروع کی تھی اور اس سکیم کا مقصد ملک بھر میں صد فیصد بجلی کی فراہمی یقینی بنانی ہے۔ڈی سی پی نے مزید کہا کہ 3,57,405 بغیر بجلی کے گھروں کی محکمہ نے نشاندہی کی ہے اور ڈی ڈی یو جی جے وائی کے تحت 2,26,367 گھروں کو بجلی فراہم کرنے کی تجویز پہلے ہی پیش کی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ 1,31,038گھروں سوبھاگیہ سکیم کے تحت بجلی فراہم کی جائیںگی۔اس مقصد کو پورا کرنے کے لئے مرکزی وزارتِ بجلی کو 1033.03کروڑ روپے کا ڈی پی آر پیش کیا گیا ہے جس میں سے 133.42کروڑ روپے کی منظوری حاصل ہوئی ہے ۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ سکیم کے تحت غریب اور نادار گھروں کو مفت بجلی فراہم کرنے کی تجویز ہے ۔ادھرصوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ایس کے آئی سی سی میںسوبھاگیہ رتھ کو ہری جھنڈی دکھائی۔اس سکیم کا مقصد ایسے گھرانوں کو موقعہ پر ہی بجلی کنکشن فراہم کرنا ہے جو کہ اب تک بجلی سے محروم ہیں۔یہ سوبھاگیہ رتھ ایک ماہ تک مختلف اضلاع میں جاکر باقی ماندہ گھرانوںکو بجلی کے کنکشن فراہم کریں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سکیم کے تحت 11اکتوبر 2017ء تک محکمہ بجلی نے 144360ناجائز کنکشنوں کوباقاعدہ بنایا۔سوبھاگیہ سکیم کے تحت خط افلاس سے نیچے گزر بسر کرنے والے کنبوں کو بجلی کے مفت کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔البتہ ایسے گھرانے جو کہ ایس ای سی سی کے دائرے میں نہیں آتے ،کو اس سکیم کے تحت 500روپے کی ادائیگی پر کنکشن فراہم کئے جارہے ہیں اور یہ رقم اُن سے بجلی کے بلوں میں 10قسطوں میں وصول کی جارہی ہے۔سوبھاگیہ کے تحت صدفیصد ہدف حاصل کرنے کے لئے صوبہ کشمیر کے مختلف دیہات،بشمول سرحدی علاقوں میں محکمہ بجلی کی طرف سے بے شمار کیمپوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس دورا ن بجلی سے محروم کنبوں کو موقعہ پر ہی بجلی کے کنکشن فراہم کئے جارہے ہیں۔