پردھان منتری آدی آدرش یوجناکانفاذ | مختلف سطحوں کی کمیٹیوں کے تشکیل کوہری جھنڈی،چیف سیکریٹری یوٹی سطح کی کمیٹی کے سربراہ

بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے مرکزی معاونت والی اسکیم’’وزیر اعظم مثالی دیہی اسکیم‘‘(پردھان منتری آدی آدرش یوجنا) کے نفاذ کیلئے مختلف سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کو ہری جھنڈی دکھائی۔ سرکاری حکم نامہ کے مطابق مرکزی زیر انتظام علاقے سطح کی کمیٹی کی کمان چیف سیکریٹری کو سونپی گئی جبکہ29نفری کمیٹی میں محکمہ خزانہ،محکمہ صحت و طبی تعلیم، محکمہ فروغ ہنر،محکمہ زرعی پیداوار و بہبود کاشتکار،محکمہ افزئش بھیڑ و جانور،محکمہ اعلیٰ تعلیم، محکمہ تعمیرات عامہ، محکمہ بجلی،محکمہ صنعت و حرفت،محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس، محکمہ سائنس ٹیکنالوجی، محکمہ تعلیم،محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ محنت و روزگار اور محکمہ جنگلات و ماحولیات کے انتظامی سیکریٹری ممبران ہوںگے۔مذکورہ کمیٹی میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج،محکمہ مال،محکمہ پی ایچ ای،محکمہ سماجی بہبود، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی،محکمہ کاپرایٹو،محکمہ قبائلی امور،محکمہ منصوبہ بندی ،ترقی و نظارت،محکمہ سیاحت کے انتظامی سیکریٹریوں کے علاوہ ان محکموں کے سربراہاں و ڈائریکٹر،جموں کشمیر فروغ گجر وبکروال مشاورتی بورڈ کے سیکریٹری اور چیئرمین کی جانب سے کوئی ایک نامزد ممبر بھی ممبران  ہوںگے۔ آرڈر کے مطابق مرکزی زیر انتظام علاقہ سطح کی کمیٹی ہم آہنگی منصوبے کی تشکیل کی نگرانی کرے گی اور اسکیم کے تحت حکومت ہند کی با اختیار کمیٹی کو تجاویز منظوری کیلئے پیش کرے گی۔ حکم نامہ کے مطابق ضلع سطح کی کمیٹی کی کمان متعلق ضلع ترقیاتی کمشنروں کو سونپی گئی ہے جبکہ ان کمیٹیوں میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر وائس چیئرمین ہوںگے اور متعلق محکموں کے تمام ضلعی افسراں،چیف پلاننگ افسر اور چیئرمین کی جانب سے کوئی نامزد ممبر ،ممبران ہوںگے۔ ضلعی سطح کی کمیٹیاں ضلع کے دیہات میں سرکاری اسکیموں میں ہم آہنگی کا ہدف مکمل کریں گی،جبکہ کمیٹی منتخب عوامی نمائندوں،جن میں پارلیمانی ممبران، منتخبہ علاقوں کے ضلع ترقیاتی کونسلوں و بلاک ترقیاتی کونسلوں کے ممبران سے بھی مشاورت کرے گی۔عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق بلاک سطح کی کمیٹیوں میں متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے چیئرمین سربراہ ہوںگے،جبکہ ان کمیٹیوں میں بلاک ڈیولپمنٹ افسراں اور ایس ڈی ایم کے علاوہ تمام محکموں کے بلاک سطح کے افسراں ممبران  ہوںگے۔ یہ کمیٹیاں دیہی ترقی منصوبوں کی نگرانی کریں گے جبکہ متعلقہ ضلع ترقیاتی کونسل ممبر بلاک سطح کی کمیٹیوں میں خصوصی مدعوعیں ہوںگے۔