پردھان منتری اجولا یوجنا

 جموں //نائب وزیر اعلیٰ کویندر گُپتا نے کہا ہے کہ پردھان منتری اجولا یوجنا جو مرکزی حکومت نے شروع کی ہے، کا مقصد غریبی کی سطح سے نیچے گذر بسر کرنے والی خواتین کو مفت ایل پی جی کنکشن فراہم کرکے انہیں با اختیار بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھوئیں کے بغیر کچن کا کام کاج انجام دینے کی بدولت خواتین کی صحت کو قائم رکھا جاسکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نائب وزیر اعلیٰ نے حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں پی ایم یو وائی کے تحت مستحقین میں ایل پی جی کنکشن تقسیم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریباً42 ایل پی جی کنکشن بشمول دیگر سازو سامان کے شیڈول ٹرائب اور شیڈول ٹرائب کنبوں میں تقسیم کئے گئے۔ کویندر گپتا نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر گھر میں دھوئیں کے بغیر کچن کا کام کاج چلانے کے لئے پی ایم یو وائی سکیم پر عمل درآمد کر رہی ہے۔وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کئے جارہے اہم اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کو فراخدلانہ امداد فراہم کر رہی ہے تا کہ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آکر بہبودی سکیموں سے استفادہ کریں تا کہ اُن کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنایا جاسکے۔اس سے قبل چھمب ڈسپلیسڈ پرسنز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر ایس آر نگیال کر رہے تھے۔ وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کے مسائل بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کئے جائیں گے۔