پرتھوی اور رشبھ کی آئی سی سی رینکنگ میں زبردست چھلانگ

نئی دہلی؍ ہندوستان کے نوجوان اسٹار پرتھوی شا اور رشبھ پنت نے ہندستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے بعد پیر کو جاری آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں زبردست چھلانگ لگائی ہے جبکہ کیریئر میں پہلی بار 10 وکٹ کی بہترین گیند بازی کرنے والے فاسٹ بولر امیش یادو کو بھی گیند بازی رینکنگ میں فائدہ ملا ہے ۔ونڈیز کے خلاف سیریز میں مین آف دی سریز بنے نوجوان بلے باز اور اپنی کپتانی میں نیوزی لینڈ میں ہوئے آئی سی سی انڈر -19 کرکٹ عالمی کپ میں ہندستان کو فتح دلانے والے پرتھوی کا ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-0 کی سیریز جیت میں اہم تعاون رہا تھا۔ وہ حیدرآباد ٹیسٹ سے پہلے 73 ویں رینکنگ پر تھے لیکن دوسرے میچ میں 70 اور ناٹ آؤٹ 33 رنز کی اننگز سے انہیں 13 مقام کی جست ملی اور وہ اب بیٹنگ رینکنگ میں 60 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔پرتھوی نے راجکوٹ میں اپنے ڈیبو ٹیسٹ میں سنچری لگائی تھی۔ ان کے علاوہ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے بھی اپنی کارکردگی سے درجہ بندی کو بہتر کیا ہے ۔ انہوں نے دونوں میچوں میں 92، 92 رنز کی بڑی اننگز کھیلی اور 23 مقام اٹھ کر 62 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دہلی کے بلے باز نے سریز کا آغاز 111 ویں رینکنگ کے ساتھ کیا تھا ۔ہندستانی ٹیسٹ نائب کپتان اجنکیا رہانے چار مقام کی بہتری کے ساتھ 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری طرف ٹیسٹ گیند بازی رینکنگ میں امیش یادو کو چار مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ بھی 25 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ امیش ہندستان کے محض تیسرے فاسٹ بولر ہیں جنہوں نے گھریلو میدان پر ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹ لئے ہیں۔ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کی بھی سیریز میں شاندار کارکردگی رہی تھی اور وہ ٹیسٹ بلے بازوں میں اپنے ٹاپ مقام پر بنے ہوئے ہیں۔ ٹاپ 10 ٹیسٹ بلے بازوں میں دوسرے ہندوستانی چتیشور پجارا چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ خراب فارم میں چل رہے اوپنر لوکیش راہل کی درجہ بندی میں کمی آئی ہے اور وہ 23 ویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔