’پرتشدد واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘

 کولکاتا// مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت حاصل کرنے کے بعد ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے تیسری مرتبہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ ریاست کے گورنر جگدیپ دھنکڑ نے انہیں حلف دلوایا، جس کے بعد ممتا بنرجی ایک مرتبہ پھر وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہو گئیں۔حلف اٹھانے کے فوری بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ بنگال میں اب تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’بنگال کو تشدد پسند نہیں ہے۔ میں ذاتی طور پر نظم و قانون کے مسائل کا جائزہ لوں گی اور یقینی بناوں گی کہ ریاست میں امن قائم ہو۔ممتا بنرجی نے مزید کہا ’’میں سبھی سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔