پراکسی اُمیدواروں سے ہوشیار | سابق مخلوط حکومت کشمیر میں تباہی کی موجب: غلام احمد میر

سرینگر//ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے لوگوں کو پی ڈی پی ، بی جے پی کے مکروہ عزائم سے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے لوگوں کے ووٹ کو تقسیم کرنے کی خاطر میدان میں درپردہ اُمیدواروں کو کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تعمیر و ترقی کا خواب صرف اور صرف کانگریس کے دور اقتدار میں شرمندہ تعبیر ہوا ہے جبکہ پی ڈی پی اور بی جے پی نے جموں کشمیر کے حالات کو خراب کرنے میں کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے بدھوار کو جنوبی کشمیر کے کاپرن ڈورو میں چناوی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے مکروہ عزائم سے چوکنا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے ایک منصوبہ بند پروگرام کے تحت عام لوگوں کے ووٹوں کو تقسیم کرنے کی خاطر میدان میں پراکسی اُمیدواروں اُتارا ہے۔غلام احمد میر نے بتایا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی انتخابی فائدے کے لیے لوگوں کو دھوکہ دینے میں کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔