پرانے بس اڈہ پونچھ میں بیت الخلاء کی تعمیرکاکام جاری

پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقام پر سب سے مصروف ترین بس اڈہ پونچھ پر ایک ہی بیت الخلاء ہونے کی وجہ سے مسافروں بالخصوص خواتین کو پریشانیوں کودیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے پرانے بس اڈہ پر ایک اور بیت الخلاء تعمیر کروایا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق پونچھ بس اڈہ سے ہر روز ہزاروں مسافر اپنی اپنی منزلوں کی جانب آتے جاتے ہیں اوراس اڈے پرمسافروں خاص طورسے خواتین کوبیت الخلاء نہ ہونے کے سبب شدیدمشکلات جھیلناپڑتی تھیںلیکن انتظامیہ کی طرف سے بیت الخلاء کی تعمیرشروع ہونے سے لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے لورن جارہے ہیں ایک مسافر سعادت حسین نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور میونسپل کمیٹی کے تمام افسران کو مبارک دیتے ہیں کہ انہوں نے لوگوں کی سہولت کیلئے بیت الخلا کی تعمیرکاکام شروع کروایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر دوسرے تیسرے دن بس سے پونچھ آتے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ  اس دوران اگر انہیں رفع حاجت کی ضرورت پیش آتی  تھی تو ان کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر خواتین کے لیے یہ ایک بڑا مسئلہ ہوجاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پرانے بس اڈہ پر جو یہ بیت الخلاء بنایا جا رہا ہے اس سے لوگوں کو کافی راحت ملے گی۔ جگبیر سنگھ نامی ایک دوکاندار نے کہا کہ بس اڈہ پر مسافر مجبوراگاڑیوں کی آڑ میں رفع حاجت کرتے تھے جس کی وجہ سے وہاں پر زیادہ گندگی ہوجاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بیت الخلاء بننے سے وہ گندگی نہیں پھیلے گی بس اڈہ صاف و شفاف رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور مونسپل کمیٹی کے تمام افسران کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے لوگوں کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے اچھا قدم اٹھایا اور بس اڈا پر بیت الخلا  تعمیرکروایا۔