پرانے انتظامی یونٹوں کوفعال بنانے کامطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//پیر پنجال عوامی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری مشتاق احمد فانی نے کہاہے کہ نئے انتظامی یونٹ بنانے سے قبل پہلے سے قائم کردہ یونٹوں میں افرادی قوت کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور لوگوں کو سہولت مل سکے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف کئی یونٹ کھول دیئے مگر ان میں افرادی قوت کی تعیناتی نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں ان دفاتر سے لوگوں کو کوئی بھی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔انہوں نے کہاکہ نئے یونٹ بھی ضرورت ہیں لیکن اس سے پہلے پرانے یونٹوں کو فعال بناناچاہئے اورلیڈران کی خود پیدا کردہ رشوت ، بے روزگاری ، کنبہ پروری، نا انصافی ،امیر نوازی اور وزیر نوازی کا خاتمہ کیاجائے۔
قاضی موہڑہ میںپانی اور بجلی کابحران
مظاہرین پر پولیس نے لاٹھیاں برسائیں،ویڈیووائرل
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے قاضی موہڑہ کے لوگوں نے بجلی اور پانی کی قلت پر متعلقہ حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاجس دوران پولیس نے ان کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیاجس کاویڈیو سماجی روابط کی ویب سائٹوںپر وائرل ہوگیاہے۔مظاہرے کے دوران منڈی ۔پونچھ سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ۔احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعدادشامل تھی جو محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرین نے گھروں کے خالی برتن بھی سڑک پر رکھے ہوئے تھے ۔یہ احتجاج صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوا جو گیارہ بجے تک جاری رہا ۔اس دوران اطلاع ملنے پر ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ کی قیادت میںپولیس کی ٹیم موقعہ پرپہنچی اور بات چیت کرکے لوگوں سے احتجاج ختم کروانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ اپنے مطالبے پر بضد رہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی کئی بار احتجاج کرچکے ہیں اور پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ملتوی بھی کرناپڑالیکن کبھی بھی ان کے مطالبات پورے نہیںہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ عرصہ دراز سے پریشان ہیںلیکن انتظامیہ نے ہمیشہ انہیں خواب ہی دکھلائے جن کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا گیا۔خواتین کا کہنا تھا کہ پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کے بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا سارا وقت پانی کی تلاش میں گزر جاتا ہے اور وہ اپنے بچوں کی طرف بالکل دھیان نہیں دے پا رہی ہیں ۔تمام تر کوششوں کے بعد جب مظاہرین نے مانے تو پولیس نے لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر ہونے پر مجبور کیا جس دوران کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔دریں اثناء سوشل میڈیا پر ایک ویڈیووائرل ہوئی ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو مظاہرین جن میں خواتین بھی شامل ہیں، کو بے دردی سے پیٹتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے ۔اس واقعہ کے حوالے سے پتھرائو کرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔
پونچھ راولاکوٹ بس سروس
۔30 مسافرحد متارکہ کے آر پارہوئے
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ راولاکوٹ راہ ملن بس سروس ہر ہفتہ کی طرح اس بار بھی چکاں دا باغ کے راستے حدمتارکہ کے آرپار ہوئی۔ اس دوران سپورٹس سٹیڈیم پونچھ سے راولاکوٹ روانہ ہونے والی بس سے سترہ مسافروں نے سفر کیا جن میں سے تیرہ نئے مسافر پونچھ کے مختلف علاقوں سے راولاکوٹ میں رہ رہے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کو روانہ ہوئے جبکہ چار مسافر پونچھ میں رہ رہے رشتے داروں سے ملاقات کے بعد اپنے وطن پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ کو واپس لوٹ گئے۔ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ سے پونچھ پہنچی بس سے 13 مسافر یہاں پہنچے جن میں سے پاکستان سے نئے سات مسافر پونچھ میں رہ رہے ہیں رشتے داروں سے ملاقات کرنے آئے جبکہ چھ مسافر راولاکوٹ میںموجوداپنے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کے بعد واپس لوٹ آئے۔ مجموعی طور پر 30مسافروں نے حد متارکہ کے آر پار کاسفر کیا۔
صوبے کے درجے پر کانگریس خاموش
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں کانگریس کے جلسے کے دوران کسی بھی لیڈر نے خطہ پیر پنچال کیلئے صوبے کے درجے کی مانگ نہیں جبکہ اس وقت پورے خطے میں ماسوائے بی جے پی کے سبھی سیاسی جماعتوں کی طرف سے یہ مطالبہ کیاجارہاہے ۔ ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ہوئے جلسہ سے کانگریس کے کئی مقامی و ریاستی سطح کے لیڈران نے خطاب کیا تاہم اس دوران کسی نے بھی خطہ پیر پنچال کیلئے صوبے کے درجے کی مانگ نہیں کی ۔مینڈھر کے لوگوں نے اس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے کانگریس کو اپنا موقف واضح کرناچاہئے اور پارٹی کی ریاستی قیادت کوخطے کے مطالبے کے حق یا مخالفت میں بیان جاری کرناچاہئے ۔
پانی کا ٹینک گندہ ہوگیا
محکمہ نے2 ہفتے قبل سپلائی بند کردی
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے ساج علاقے کے لوہار محلہ میں پچھلے 15دنوںسے پانی کی سپلائی بند ہے ۔اس محلہ کی آبادی 100 افراد پر مشتمل ہے جسے پانی کی شدید قلت کاسامناہے اور خواتین کو آدھے کلومیٹر کی دوری سے ننگے سرپرمٹکے اٹھاکر لانے پڑتے ہیں جبکہ مال مویشیوں کے لئے بھی پانی کاکوئی انتظام نہیں۔ جسمانی طور پرمعذور طارق محمود ولد محمد حنیف بھی اسی محلے کا سکونتی ہے جس کاکہناہے کہ پانی کی اس قدر قلت پیدا ہوئی ہے کہ بیت الخلاء میں بھی پانی کا کوئی انتظام نہیںہوتا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کی طرف سے لاپرواہی کا مظاہرہ کیاجارہاہے اور فوری طور پر اقدامات کرکے پانی کی سپلائی بحال کی جائے ۔رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر مصطفی میر نے کہا کہ پلانگڑھ لفٹ اسکیم سے پانی ساج کے ٹینک میں جمع کیاجاتا ہے جسے پھر ساج اور پلانگڑھ میں سپلائی کیاجاتا ہے تاہم یہ ٹینک بارشوں کی وجہ سے گندہ ہوگیاہے جس کی وجہ سے سپلائی روکی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ دو دنوں تک لوہار محلہ میں سپلائی بحال کردی جائے گی۔
راجوری یونیورسٹی کا انٹرنس ٹیسٹ ملتوی
نیوز ڈیسک
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں رواں ماہ کی 17تاریخ کو لیاجانے والا ایم فل اور ڈاکٹریٹ کیلئے انٹرنس ٹیسٹ ملتوی کردیاگیاہے ۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق سترہ تاریخ کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے انٹرنس ٹیسٹ رکھاگیاتھا جسے ملتوی کیاگیاہے ۔انتظامیہ نے بتایاکہ یہ فیصلہ موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیاگیاہے ۔ یونیورسٹی کی طرف سے اب یہ ٹیسٹ 3مارچ کو لیاجائے گا۔
مینڈھر میں بی ڈی او کی تعیناتی کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں چند لوگوں نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مستقل طور پر بی ڈی او کی تعیناتی عمل میں لانے کی مانگ کی ۔ انہوں نے کہاکہ کئی سال سے مہاتماگاندھی نریگا کی اجرتیں واگزار نہیں کی گئیںجس کی وجہ سے انہیں مشکلات کاسامناہے ۔ انہوں نے کہاکہ افسوسناک ہے کہ اتنے بڑے بلاک میں کوئی بی ڈی او ہی تعینات نہیں ۔اس موقعہ پر منور چوہدری نے کہاکہ فوری طور پر کل وقتی بی ڈی او تعینات کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ اس وقت جس بی ڈی او کے پاس مینڈھر کا چارج ہے اس کے پاس پہلے سے ہی دو مزید چارج ہیں جس کیلئے بیک وقت کئی جگہوں پر کام کرنا مشکل ہے لہٰذا مذکورہ افسر کی مجبوری کو بھی سمجھاجائے اور مستقل طور پر بی ڈی او تعینات کیاجائے ۔
ٹنڈی تراڑ میں حلقہ مجلس کا انعقاد
راجوری //پنج گرائیں بلاک کی پنچایت ٹنڈی تراڑ میں حلقہ مجلس کا انعقاد کیاگیا جس دوران سالانہ منصوبے کو حتمی شکل دی گئی ۔اس اجلاس کی صدارت مقامی سرپنچ یوگیش شرما نے بھی کی جبکہ اس موقعہ پر مقامی معززین اور پنچایت کے پنچ بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال ہوا اور پنچایت کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور دیاگیا۔ اپنے خطاب میں یوگیش شرما نے کہاکہ علاقے میں تبھی ترقی ہوسکتی ہے جب عوام کی طرف سے انہیں بھرپور تعاون ملے گااور یقینی طور پر وہ عوامی تعاون سے ترقیاتی اقدامات میں کامیاب ہونگے ۔
سرحدی علاقوں کے طلاب ملک کے دورے پرروانہ
نوشہرہ //فوج کی 33آر آر بٹالین کی طرف سے نوشہرہ کے مختلف سرحدی دیہاتوں کے سکولی بچوں کو دورے پر روانہ کیاگیا۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آر آر کے سیکٹر کمانڈر راجیو مینن بھی موجو دتھے ۔ان طلباء کوپنجاب ، چندی گڑھ، ہماچل پردیش اور راجھستان و دہلی لیجایاجائے گا۔اس موقعہ پر راجیو مینن نے کہاکہ سکولی طلباء کو اس دورے سے سیکھنے کا موقعہ ملے گا اور انہیں یقین ہے کہ وہ اس دورے کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ۔
پہاڑی ریزرویشن کا خیر مقدم
راجوری //درہال سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے ممبر قانون ساز کونسل وبودھ گپتا سے ملاقات کرکے پہاڑی طبقہ کو دی گئی تین فیصد ریزرویشن کا خیر مقدم کیا۔اس موقعہ پر وفد کے ارکان نے کہاکہ سابق حکومتوں نے پہاڑی طبقہ کے ساتھ طفل تسلیاں کیں اور پہاڑی طبقہ کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔ان کاکہناتھاکہ گورنر انتظامیہ نے پہاڑی طبقہ کو ریزرویشن دی ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے گپتا کی کوششوں کی بھی سراہنا کی ۔
شبیر خان کی قیادت میں کانگریس کا اجلاس
پرویز خان
منجاکوٹ //سینئر کانگریس لیڈر و سابق وزیر شبیر احمد خان کی قیادت میں منجاکوٹ کے ککوڑہ علاقہ میںایک اجلاس منعقد ہواجس دوران متعدد کارکنان نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔مقامی لوگوں نے شبیر خان کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ ان کے دور میں کئی ترقیاتی کام شروع ہوئے تھے جو پھر ٹھپ کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ علاقہ تعمیروترقی میں مکمل طور پر نظرانداز ہے اور اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ اپنے خطاب میںشبیر خاننے کہاکہ انہوںنے ہر ایک قوم کو ایک نظر سے دیکھا اور اسی وجہ سے لوگ انہیں یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کوشش ہے کہ سبھی کو ساتھ لیکر آگے بڑھیں اورذات پات کی لڑائی سے دور رہ کر مجموعی مفادات کیلئے کام کیاجائے ۔
کلام فاؤنڈیشن کی جانب سے 6 روزہ ورکشاپ کا آغاز
نوجوانوں کیلئے جلد کتب خانہ قائم ہوگا: خلیل بانڈے
عشرت حسین بٹ
پونچھ// کلام فاؤنڈیشن کی جانب سے سوموار کو سیول سروسز امیدواروں کے لئے 6 روزہ ورکشاپ کا آغاز ہوا جس کا افتتاح ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال اور ایس ایس پی ریلوے محمد ارشاد نے کیا ۔ اس6 روزہ ورکشاپ کے پہلے روز90 افراد نے شرکت کی جنہیں ایس ایس پی ریلوے کی طرف سے لیکچر دیاگیا۔اس موقعہ پر فاؤنڈیشن کے صدر خلیل احمد بانڈے نے استقبالیہ خطبہ دیتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم کی ماضی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن جلد ہی نوجوانوں کے لئے ایک کتب خانے کا قیام عمل میں لائے گی ۔ رمیش انگرال اورمحمد ارشاد نے کلام فاؤنڈیشن کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جہاں ہر سو نفس و نفسی کا عالم ہے ،تنظیم نوجوانوں اور غریب و مسکین لوگوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے جو قابلِ ستائش ہے ۔انہوں نے فاؤنڈیشن سے ایسی سرگرمیوں کو لگاتار جاری رکھنے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر مولانہ سعید حبیب، وحید بانڈے، شبیر بٹ ، نواز کھانڈے ،معروف ناظم پردیپ کھنہ ،وکیل افتخار بزمی، وکیل بھانو پرتاب ،چوہدری اسد نعمانی و دیگران بھی موجود تھے۔
منڈی کے آنگن واڑی ورکروں کا احتجاج
عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈی میں پیر کو آنگن واڑی ورکروں نے اپنے مطالبات کے حق میںاحتجاج کیا جس دوران گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رہی۔ان ورکروں نے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کی دس ماہ سے تنخواہیں بند ہیں اور ملازمت کو مستقل بھی نہیں کیاجارہا۔ آنگن واڑی ورکروں کی ضلع صدر نصیب جان نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تووہ بندوق اٹھائیں گی ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کی کہ ان کی تنخواہیں واگزار کی جائیں اور ملازمت کو مستقل زمرے میں لایاجائے ۔انہوںنے ماہانہ مشاہرے میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا ۔ اس دوران تحصیلدار منڈی ظہیر رانا اور ایس ایچ او منڈی نے موقعہ پر پہنچ کر مطالبات پورے کرنے کا یقین دلایا جس پر آنگن واڑی ورکر منتشر ہوگئیں ۔