پرائمر ی سکول بنیا والی کالابن 4 دنوں سے مقفل

مینڈھر //تعلیمی زون مینڈھر کے گور نمنٹ پرائمری سکول بنیا والی کالابن سے تدریسی عملہ گزشتہ چار دنوں سے سکول سے غائب ہونے کی وجہ سے زیر تعلیم بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔سکول میں ٹیچروں کی غیر حاضری کو دیکھتے ہوئے کچھ مقامی افراد سکول پہنچے اور انہوں نے بچوں کیساتھ مل کر محکمہ ایجوکیشن اور ریاستی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے مقامی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں میں ٹیچر اکثر غیر حاضر رہتے ہیں لیکن آفیسران کی طرف سے کودھیان نہیں دیا جاتا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ر نمنٹ پرائمری سکول بنیا والی کالابن میں اس وقت کل 3ٹیچر تعینات ہیں جبکہ سکول میں 24 سے زائد طلباء کا اندارج بھی ہوا ہے لیکن ملازمین کے اکثر غیر حاضر رہنے کی وجہ سے ان بچوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔پنچایت ممبرعصرت غلام،محمد شبیر ،محمد رفیع اور محمد اخلاق نے بتایا کہ مذکورہ سکول میں ہمیشہ سے ہی ٹیچر غیر حاضر رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے بچوں کا مستقبل خراب ہو تا جارہاہے ۔انہوں نے محکمہ تعلیم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی غیر حاضری کے سلسلہ میں کئی مرتبہ محکمہ تعلیم کے آفیسران کو آگاہ کیا گیا لیکن اس کے باجود بھی اس طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے سکول کو تالا بند کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں تعینات ٹیچر اپنی حاضری کرنے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں ۔اس سلسلہ میں ایس ڈی ایم مینڈھر نے کہاکہ معاملہ سامنے آنے کے بعد زونل ایجوکیشن آفیسر سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔