پرائمری ہیلتھ سینٹر سونہ مرگ میں نیم طبی عملہ کی کمی | لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اورمشینری بے کار

کنگن//پرائمری ہیلتھ سینٹر سونہ مرگ میں نیم طبی عملے کی کمی کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کی طبی مشینری بیکار پڑی ہے اور مریضوں کو معمولی ٹیسٹوں کیلئے سرینگریاکنگن جاناپڑتا ہے۔پرائمری ہیلتھ سینٹر سونہ مرگ میں سرکار نے دوایکسرے مشینیں اور لاکھوں روپے مالیت کا لیبارٹری سازسامان مہیا رکھا ہے،لیکن ایکسرے مشین اور دیگر لیبارٹری سازوسامان کو بروئے کار لانے کیلئے آج تک عملے کو تعینات نہیں کیاگیا۔سونہ مرگ میں مقیم تجارت پیشہ افرادنے اس نمائندے کو بتایا کہ یہاں روزسینکڑوں سیاحوں کاآناجانا ہوتا ہے اور سرینگرلیہہ شاہراہ پر اب گاڑیوں کی آمدورفت بھی شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہاں کوئی حادثہ ہوتا ہے یاکوئی بیمار ہوجاتا ہے اوراُسے ایکسرے یادیگرٹیسٹوں کی ضرورت ہوتی ہے ،تواسپتال میں عملہ نہ ہونے کی وجہ سے اُسے ایکسرے اوردیگرٹیسٹوں کیلئے دیگرمقامات جاناپڑتا ہے۔انہوں نے کہایہاں پرائمری ہیلتھ سینٹربرائے نام ہے۔حکومت نے یہاں ہیلتھ سینٹرمیں لاکھوں روپے کی مشینری اور سازسامان مہیارکھاہے لیکن عملہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ سبھی مشینیں اور سامان بے کار ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنرسے مطالبہ کیا کہ سونہ مرگ کے طبی مرکزپر معقول تعدادمیں طبی عملہ کو تعینات کیاجائے،تاکہ عام لوگوں،تاجروں یاسیاحوں وسیلانیوں کو صحت کے حوالے سے کسی قسم کی مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے۔