پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ کا ایک حصہ 6برسوں سے تشنۂ تعمیر

 
منجا کوٹ//تحصیل منجا کوٹ کے پرائمری ہیلتھ سنٹر منجاکوٹ کا ایک حصہ گزشتہ 6برسوں سے زیر تعمیر ہے تاہم عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں ٹھیکیدار کی جانب سے ساز و سامان ہسپتال کے سامنے رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کے علا وہ ایمبو لینس گاڑیوں کو پارکن کرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار نے عمارت کا کچھ کام مکمل کیا تھا لیکن گزشتہ چھ ماہ سے باقی حصے کے کام کو مکمل کرنے میں نا معلوم وجہ سے چھوڑ دیا گیا ہے ۔بلاک میڈیکل آفیسر منجا کوٹ نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں 2012میں کام شروع کیا گیا تھا لیکن ٹھیکیدار کی طرف سے کافی عرصہ سے باقی بچے کام کو مکمل نہیں کیا جارہاہے جبکہ تعمیر کے سلسلہ میں لائے گئے سامان کو بھی ہسپتال کے سامنے رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ اور مریضوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں انتظامیہ کو تحریری طور پر لکھا گیا ہے لیکن ابھی تک عملی طورپر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔