پرائمری ہیلتھ سنٹر بدھل میں الٹر سائونڈ مشین دستیاب نہیں | مریض نجی کلینکوں پر دربدر ،دستاویزات مکمل ہونے کے بعد مشین دی جائے گی :حکام

محمد بشارت

کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں محکمہ صحت کی جانب سے مریضوں کیلئے بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سب ڈویژن کے بلاک بدھل نیو میں قائم کردہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں عملے کی شدید قلت کیساتھ ساتھ جدید مشینری ہی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی دقتیں بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں الٹر سائو نڈ مشین نصب ہی نہیں کی جاسکتی جس کی وجہ سے مریضوں کو نجی کلینکوں کیساتھ ساتھ ضلع کے دیگر حصو ں میں قائم ہسپتالوں میں جانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مریضوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے سہولیات فراہم نہ ہونے کی وجہ سے غریب لوگ بالخصوص حاملہ خواتین کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ بی ڈ ی سی فنڈز سے خریدی گئی الٹر سائونڈ مشین آج تک نصب ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مریضوں کو بیس کلو میٹر تک کا سفر کر کے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری جانا پڑرہا ہے ۔لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کیساتھ ساتھ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں الٹر سائو نڈ مشین نصب کرنے کیساتھ ساتھ مذکورہ مشینری کو ہینڈ کرنے کیلئے ماہر تعینات کیاجائے تاکہ عام لوگوں کو علاقہ میں ہی مذکورہ سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔