پرائمری سکول کماراں اُپر سانگلہ کی عمارت غیر محفوظ متعلقہ حکام لا علمی کا شکار ،ڈھانچے کے منہدم ہونے کا خدشہ

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// تعلیمی زون بفلیاز اور سرنکوٹ میں جہاں بیشتر اسکولوں کی حالت خستہ ہے وہیں گورنمنٹ پرائمری اسکول محلہ کماراں اپر سانگلہ کی عمارت خستہ حال ہو کر منہدم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سے عمارت بنی ہے تب سے محکمہ کی طرف سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عمارت بوسیدہ ہو چکی ہے۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 18برسوں سے عمار ت کی تعمیر کے نام پر جو فنڈز خرچ کئے گئے ہیں ان کی مکمل تحقیقات کروائی جائے تاکہ سچائی عوام اورحکام کے سامنے لائی جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ حکام کی لا علمی کی وجہ سے عمارت کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے جبکہ سکول میں زیر تعلیم بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لائق ہے تاہم محکمہ سے کئی مرتبہ رجوع کئے جانے کے بعد بھی اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ سکول کی عمارت کی تعمیر 2004-05میں کی گئی تھی جس کے بعد سے اس کی مرمت و لازمی کام نہیں کروایا جاسکا ۔والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں تعینات ملازمین بچوں کو کھلے عام تعلیم فراہم کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ بچوں کو بہتر سہولیت مل سکیں ۔