پرائمری سکول لواری ڈنہ کی حالت انتہائی خستہ | بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور،محکمہ لاتعلق

مینڈھر//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کی پنچائت ہل ہونڈیاں کی وارڈ نمبر 7کا گورنمنٹ پرائمری سکول لواری ڈنہ کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور بچے آسمان تلے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ علاقہ کے سرپنچ محمد یوسف نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول کے اندر 120سے زائد بچے ہیں جن کو پڑھانے کیلئے دو استاذہ تعینات ہیں انکا کہنا ہے کہ سکول کے دوکمرے تھے جن کی حالت نہایت ہی خراب ہے اور بچوں کو بیٹھنے کے قابل نہیں ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں کے دوران کسی بھی وقت کوئی بڑاحادثہ پیش آسکتاہے کیوں کہ سکول غیر محفوظ ہے اور کئی دیواریں بھی گر چکی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یہ اسکول پہاڑی علاقہ میں واقعہ ہے جہاں سے بچے دوردراز علاقہ میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے نہیں جاسکتے اور نہ ہی علاقہ کے اندر کوئی نجی سکول ہے جس کی وجہ سے بچوں کی مجبوری ہے کہ نزدیک ترین سکول کے اندر تعلیم حاصل کی جائے اور لوگ بھی غریب ہیں جو اپنے بچوں کو نجی سکولوں میں تعلیم نہیں دلواسکتے ۔انکا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران اور انتظامیہ کو کہنے کے باوجود سکول کی عمارت درست نہیں کی گئی اور سکول کی عمارت خستہ ہو گئی ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ریاستی گورنرر انتظامیہ سے اپیل کی کہ سکول کی نئی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ بچوں کی پڑھائی پر کوئی اثر نہ پڑے ۔انکا کہنا تھا کہ بارشوں کے دنوں میں بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوتی ہے لہذا فوری طور نیا اسکول تعمیر کیا جائے ۔