بانہال // اتوارکو بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے معطل رہی اور موسم کی خرابی کے پیش نظر اتوار کو امرناتھ یاترا میں شامل گاڑیوں کو بھی جموں سے وادی کی طرف آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ٹریفک پولیس آفیسر امتیاز خطیب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں رام بن اور بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت معطل رہی۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال ، ڈگڈول ، موم پسی ، بیٹری چشمہ، ماروگ اور زیر تعمیر فورلین ٹنل نمبر دو کیلا موڑ ، رام بن کے مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا اور کوشش کے باوجود بھی شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی ممکن نہیں ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال کے مقام پر قریب شام کو پتھروں کے گرنے کا سلسلہ تھم گیا۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا گاڑیوں کے قافلے کو بھی چلنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم امرناتھ گپھا براست پہلگام سے جموں کی طرف آنے والی امرناتھ یاترا میں شامل گاڑیوں کو شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے شیطان نالہ اور بانہال سیکٹر میں روک دینا پڑا۔