سری نگر//ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ محمد رفیع نے ضلع بڈگام میں مختلف پبلک لائبریریوں کا اچانک معائینہ کیا تا کہ وہاں دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ڈائریکٹر نے آئی اے ایس ، جے کے اے ایس ، این ای ای ٹی ، جے ای ای ، سی اے ٹی ، سی ایل اے ٹی ، جی ایم اے ٹی ، ایس ایس بی وغیرہ سمیت مختلف مسابقتی امتحانات کیلئے تمام پبلک لائیبریریوں میں تازہ ترین حوالہ کتابیں اور مطالعاتی مواد دستیاب کرانے پر زور دیا ۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ طلباء کی زبردست مانگ کو دیکھتے ہوئے لائیبریریز ڈیپارٹمنٹ نے یو ٹی لیول لائیبریری ایڈوائیزری کم خریداری کمیٹی ( یو ٹی ایل ایل اے پی سی ) کی سفارش پر امسال تقریباً 350 عنوانات مفت حوالہ کتابیں /مطالعاتی مواد دستیاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریاں طلباء کی مدد کرتی ہیں ، خاص طور پر وہ لوگ جو اس طرح کے مہنگے مواد خریدنے کے متحمل نہیں ہوتے ، مطالعہ کرتے ہیں اور مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کرتے ہیں ۔ باغ مہتاب میں پبلک لائیبریری کے دورے کے دوران ڈائریکٹر نے وہاں موجود طلباء سے بات چیت کی اور صارفین کے بہترین فائدے کیلئے پبلک لائبریریوں میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ان سے معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے طلباء کو آگاہ کیا کہ مسابقتی امتحانات کیلئے حوالہ کتابیں /مطالعاتی مواد دستیاب کرنے کے علاوہ لائبریریز اور تحقیق کا شعبہ ملک کی کچھ معزز کوچنگ اکیڈمیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے کے عمل میں ہے تا کہ جے اینڈ کے کے نوجوانوں کیلئے مفت آن لائین کوچنگ کا بندوبست کیا جا سکے ۔ ڈسٹرکٹ لائبریری بڈگام کے اپنے دورے کے دوران ڈائریکٹر نے لائیبریری کے اپ گریڈیشن کے کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا جس میں وسیع و عریض ریڈنگ ہال ، خواتین اور حضرات کیلئے اعلیحدہ واش روم اور ایک سٹور پر مشتمل اضافی رہائش کی تعمیر کی گئی ان کاموں کی تخمینہ لاگت تقریباً 30.20 لاکھ روپے ہے ۔ انہوں نے ایگزیکٹو ایجنسی آر اینڈ بی ڈویژن بڈگام پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کام میں تیزی لائے تا کہ لفٹینٹ گورنر کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق لائیبریری ایک مکمل ای لرننگ کم کیرئیر کونسلنگ سنٹر کے طور پر کام کرنے کیلئے جلد سے جلد تیار ہو ۔ تحصیل لائبریری چاڈورہ کے دورے کے دوران ڈائریکٹر نے لائیبریری کو منتقل کرنے کیلئے مناسب متبادل رہائش کی نشاندہی کرنے پر زور دیا ۔ تحصیل لائبریری چرار شریف کے دورے کے دوران ڈائریکٹر نے اضافی رہائش کی تعمیر کے ذریعے لائیبریری کی عمارت کی اپ گریڈیشن پر کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ کام کو جلد از جلد مکمل کرے تا کہ لائیبریری کو صارفین کیلئے مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔