پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن کا مظاہرہ

 سرینگر //مختلف پبلک سیکٹر یونٹوں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنظیم پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن نے سوموار کو 7ویں تنخواہ کمیشن کا اطلاق اور7 ماہ کی تنخواہوں کی واگذاری کو لیکرپریس کالونی میں احتجاج کیا ۔ مظاہرین کی قیادت کررہے وجاہت درانی نے کہا کہ ریاست میں قائم کئے گئے 14پبلک سیکٹر یونٹوں میں ملازمین کو پچھلے 7ماہ کی تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ وجاہت دورانی نے بتایا کہ ریاستی سرکار تمام سرکاری ملازمین کو 7ویں تنخواہ کمیشن کافائد ہ دینے جارہی ہے جبکہ ریاستی سرکار کے زیر نگران کام کرنے والے پبلک سینٹر یونٹوں جن میں ایس ایف سی، ٹی آر سی اور دیگر پبلک سیکٹر یونٹ شامل ہیں، کے ملازمین کو 7ویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات سے محروم رکھا گیا ہے۔وجاہت درانی نے کہا کہ سرکاری پبلک سیکٹر یونٹوں کے ملازمین کو بھی 7ویں تنخواہ کمیشن دیا جانا چاہئے جبکہ ریاستی سرکار کو پبلک سیکٹر یونٹوں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں بھی جلد سے جلد واگذار کرنی چاہئے ورنہ پبلک سیکٹر یونٹوں میں کام کرنے والے ملازمین دوبارہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے جسکی تمام تر ذمہ داری ریاستی سرکار پر عائد ہوگی۔