پبلک اکائونٹس کمیٹی کو فعال بنانے کیلئے تجاویز پیش

 سرینگر//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ایک میٹنگ پیر کو ممبراسمبلی محمد اکبر لون کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ ارکان اسمبلی اعجاز احمد خان ، محمد یوسف بٹ ، عبدالرشید ڈار ، جیون لال ، رویندر رینہ ، غلام نبی مونگا نے بھی میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔میٹنگ کے دوران کمیٹی نے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیل سے غور کیا جس میں ملک کی جنوبی ریاستوں کے ان کے سٹیڈی ٹور کے حوالے سے امور بھی شامل ہے۔کمیٹی نے 20 ، 23اور 27نومبر 2017ء کو منعقد ہونے والی میٹنگوں کے دوران بالترتیب سماجی بہبود ، سکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم محکموں کے کام کاج کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ایم اے بابا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔