پاک چین تعلقات کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی:عمران خان

اسلام آباد//وزیراعظم نے چینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔اطلاعات کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی سفارت خانے اور اورکزئی حملے سر پرائز نہیں ہیں، ہمیں پہلے سے خدشہ تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے کیوں کہ چین کے ساتھ معاہدوں کے بعد کچھ طاقتوں کو فکر لاحق تھی، کچھ طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ معاہدوں کو سامنے نہیں لاسکتے وہ خفیہ ہیں، سب کو پتہ ہے ایسے معاہدے کسی ملک اور پاکستان کے درمیان نہیں ہوئے لہذا ان معاہدوں کے بعد خدشات موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور پاکستان میں انتشار دیکھنے والوں نے ایسا کرنا تھا۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی بہادری اور کارکردگی پر فخر ہے، انہوں نے چینی قونصل خانے پر حملے کی جامع تحقیقات کا بھی حکم دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحریہ عرب سے گہری ہے، پاکستان اور چین کے معاشی، اسٹریٹیجک تعلقات کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ چینی وزرات خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعلق کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ چین کی وزرات خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ کی جانب سے کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جب کہ پاکستان کو اس حملے کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے چینی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے خلاف پاکستان پولیس اور آرمی کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی کی تعریف کی گئی اور دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنانے پر پولیس وا?رمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔چینی وزرات خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشتگرد حملہ پاک چین تعلقات اور سی پیک پر بالکل بھی اثرانداز نہیں ہوگا۔