پاکستان کو بڑی معیشتوں میں شمولیت کی اہلیت حاصل: سعودی ولی عہد

اسلام آباد//سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ پاکستان معیشت کے اعتبار سے دوسرا بڑا ملک ہوگا۔ان خیالات کا اظہار سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان مکمل ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا ٹاک میں کیا۔عمران خان نے شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان میں الیکشن لڑیں تو آپ کو مجھ سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں قید افراد کی رہائی کے لئے آپ کے اقدام کے شکر گزار ہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ آپ کے دورے میں سائن ہونے والے ایم او یوز ہمارے تعلقات کے بڑھنے کے عکاس ہیں۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں،یہ معیشت کے اعتبار سے دوسرا بڑا ملک ہوگا۔ان کا کہناتھاکہ پاکستان دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے 20ارب ڈالرز (تقریباً28کھرب روپے )مالیت کے 7 معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دستخط کی تقریب اتوار کو وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوئی۔ ان معاہدوں کے تحت سعودی عرب متبادل توانائی‘ ریفائنری‘ پیٹروکیمیکل پلانٹ ‘ معدنی وسائل‘بجلی کی پیداوار‘کھیل اور اسٹینڈر ڈائزیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گاجبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ سعودی عرب ہمارا عظیم دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمدسلمان کا کہناہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت آگے جائے گا۔ مستقبل میں پاکستان ایک اہم ملک بن کرابھرے گا۔ ہمیں مل کر بہت کچھ کرنا ہے۔پاکستان میں مزیدسرمایہ کاری کریں گے۔