پاکستان کشمیریوں کیلئے محسن کی حیثیت رکھتا ہے

سرینگر// حریت(ع)،مسلم لیگ ، پیپلز لیگ اور پیپلز پولٹیکل پارٹی نے پاکستان عوام اور حکومت کو یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جموںوکشمیر کے عوام کی جدوجہدآزادی میںسیاسی ،اخلاقی اور سفارتی سطح پرمسلسل حمایت کرنے کی وجہ سے ایک محسن ملک کی حیثیت رکھتا ہے اورپوری کشمیری قوم پاکستان کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہے۔ حریت (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے کہا کہ پاکستان کا وجود پورے عالم اسلام کیلئے ایک آہنی قلعہ کی حیثیت رکھتا ہے اورپاکستان کے استحکام سے ہی عالم اسلام اور پورے خطے کا استحکام مربوط ہے ۔میرواعظ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے حالیہ انتخابات کے نتیجے میں عمران خان کی قیادت میں وجود میں آنے والی نئی حکومت نہ صرف پاکستان کے سیاسی ،معاشی اور جغرافیائی استحکام کیلئے اپنی بھر پور کوششیں بروئے کار لائے گی بلکہ مسئلہ کشمیر جو اس پورے خطے کے امن کیلئے گزشتہ سات دہائیوں سے خطرہ بنا ہوا ہے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک منصفانہ حل کیلئے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔میرواعظ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے تاکہ یہ ملک عالم اسلام کی قیادت کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی پر امن جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے۔اس دوران حریت (ع)ترجمان نے 15اگست کی آڑ میںفورسز اور پولیس کی جانب سے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرنے ،عام لوگوں کوہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جشن آزادی منانے کی آڑ میںحسب سابق پورے کشمیر کو یرغمال بناکر رکھ دیا گیا ہے اور لوگوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو مشکل اور مسدود بنا دیا گیا ہے۔مسلم لیگ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے ’’ ہماری دلی خواہش اور دیرینہ خواب ہے کہ 14اگست کے موقعہ پر پاکستانی قیادت، فوج اور عوام مل جل کر مملکتِ خداداد کو ہر سطح پر مضبوط، منظم اور مستحکم بنانے کا ارادہ کر لیں تاکہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی آنچ نہ آنے پائے اور عدوانِ پاکستان کی ریشہ دوانیاں اور عرضِ پاک کو غیر مستحکم بنانے کی ہر سازش ناکامی سے دوچار ہوجائے‘‘۔لیگ ترجمان نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا محور و مرکز ہے اور خصوصاََ جس طرح مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان نے کشمیریوں کی آواز سے آواز ملا کر ہر سطح اور ہر فورم پر انہیں اپنا پیدائشی حق دینے کی وکالت کی وہ یقیناََ عالم اسلام کے دوسرے ملکوں کے لئے چشم کُشا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کشمیر موقف پہ چٹان کی طرح ڈٹا ہوا ہے جس کے لئے کشمیری قوم ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے اور آنے والی حکومت سے بھی یہ امید رکھتی ہے کہ وہ پاکستان کو ہر سطح پر مستحکم و منظم بنانے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق دلانے کی ہر ممکن کوشش کریںگے۔پیپلز لیگ کے چیئر مین شیخ محمد یعقوب اور وائس چیئر مین محمد یاسین عطائی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کی غیر مشروط حمایت پر ہم ان کے مشکور و ممنون ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق و صداقت پر مبنی پرامن سیاسی جدوجہد کی غیر مشروط حمایت کرکے کشمیری عوام کے محسن ملک ہونے کا فریضہ بخوبی انجام دیا ہے۔پیپلزپولٹکل پارٹی کے چیئرمین انجینئرہلال احمدوارنے مبارکبادپیش کرتے ہوئے پاکستان میں امن وامان،استحکام وخوشحالی اوراس ملک کی سا  لمیت کیلئے بھی دعاکی ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے پرپاکستان کاشکریہ اداکیا۔