پاکستان کا سعودی عرب کو سی پیک میں ’تیسرا شراکت دار‘ بنانے کا اعلان

اسلام آباد//وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) میں سعودی عرب کو شمولیت کی دعوت دے دی۔وفاقی دارالحکومت میں وزیرِاعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان کی اس پریس کانفرنس کا مقصد عوام کو اعتماد میں لینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں روضہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر وزیرِ اعظم اور ان کے وفد نے حاضری دی، اور مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کی جبکہ عمران خان نے بیت اللہ کے اندر بھی نوافل ادا کیے۔وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان نے سی پیک میں شمولیت کے لیے سعودی عرب کو دعوت دے دی ہے اور ریاض اس منصوبے میں پاکستان کا تیسرا پارٹنر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان آئے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کیے جائیں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئی گرم جوشی پیدا ہوئی، جبکہ سعودی فرمانروا کی تجویزپراعلیٰ سطح کی مشاورتی کمیٹی قائم کی گئی۔یو اے ای کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بھی بہت قریبی تعلقات ہیں، اور آئندہ ماہ کے دوران ہی اماراتی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یو اے ای نے کراچی میں پانی کے منصوبے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے بہت جلد دونوں ممالک شہر قائد میں پانی کی فراہمی سے متعلق بات چیت کا آغاز کریں گے۔سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی رہائی کے حوالے سے وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم جیل آتے جاتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیرِاعظم، ان کی صاحبزادی اور داماد کی ضمانت ہوئی ہے ان پر کیس ختم نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان نوازشریف، مریم نواز سے عمران خان یا پی ٹی آئی کی ذاتی لڑائی نہیں ہے، بلکہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت کی لڑائی ہے۔