پاکستان کا جیش سے کوئی تعلق نہیں

 اسلام آباد //وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں ہے، نئے پاکستان میں دہشت گردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور پڑوسی ملک میں انتخابات سے قبل کچھ بھی ہوسکتا ہے۔عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جارحیت پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کو جنگ کے دہانے پر لے آئے۔انہوں نے کہا کہ ’ہم دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پہلے سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف آج جو ہورہا ہے اس سے پہلی کبھی نہیں ہوا۔عمران خان نے مزید کہا کہ جب پلوامہ واقعہ ہوا اس وقت مجھے محسوس ہوا تھا کہ بھارتی حکومت اسے جنگی جنون پیدا کرنے کے لیے استعمال کرسکتی ہے۔عمران خان نے کشمیر میں مودی کی مسلمان مخالف حکومت اور سخت پالیسیوں کو پلوامہ حملے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جیش محمد موجود ہے اور وہ 19 سالہ لڑکا جس نے خود کو دھماکے سے اڑایا وہ کشمیری تھا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس نوجوان کے والد نے کہا کہ سیکورٹی فورس کے بعض مظالم کی وجہ سے اس نے ایسا کیا، اس واقعے میں بھارتی شہری تھا، بھارتی آپریشن ، بھارتی گاڑی، بھارتی دھماکا خیز مواد، پاکستان کو مورد الزام کیوں ٹھہرایا گیا؟۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کو جگہ بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور ہم پلوامہ جیسی دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے مورد الزام ٹھہرائے جانا برداشت نہیں کرسکتے۔