پاکستان کابھارت کو انتباہ | کشمیرمیں مزیدکسی غیرقانونی اقدام سے گریز کیاجائے

سرینگر//پاکستان نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ 5اگست2019کے اقدامات کے بعد و ہ کشمیرمیں مزید کوئی غیرقانونی قدم اُٹھانے سے گریز کرے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر میں 5اگست2019کے اقدامات کے بعد مزید کوئی غیرقانونی قدم نہیں اُٹھاناچاہیے۔24جون کووزیراعظم نریندرمودی کی جموں کشمیرکے سیاسی رہنمائوں سے اعلیٰ سطحی میٹنگ سے قبل پاکستان نے سنیچروارکویہ بیان جاری کیااور کہا کہ وہ بھارت کی کسی بھی ایسی حرکت جس کا مقصد جموں کشمیرمیں آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنا ہویا’’تقسیم‘‘کرناہو،کی مخالفت کرے گا۔ایک سرکاری بیان میں پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو کشمیرمیں ’’مزید کوئی غیر قانونی قدم‘‘اُٹھانے سے گریز کرناچاہیے۔شاہ محمودقریشی کا یہ بیان بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی کے کشمیری سیاسی رہنمائوں سے 24جون کو اعلیٰ سطحی میٹنگ سے قبل سامنے آیا ہے۔