پاکستان نے نیوزی لینڈ کو کلین سویپ سے روکا

نیپیئر /سلامی بلے باز محمدرضوان (89) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی ۔20 مقابلے میں منگل کے روز چار وکٹ سے شکست دے کر خود کو کلین سویپ سے بچا لیا۔ نیوزی لینڈ نے یہ سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے ڈیون کانوے کی 63 رن کی اننگز کی بدولت 20 اوور میں سات وکٹ پر 173 رن بنائے ۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے 19.4 اوور میں چھ وکٹ پر 177 رن بناکر میچ جیت لیا۔ رضوان کو ان کی بہترین اننگز کے لئے پلیئر آف دی میچ اور ٹم سیفرٹ کو پلیئر آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سلامی بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لئے 40 رن جوڑے ۔ سلامی بلے باز مارٹن گپٹل کے آوٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی اننگز لڑکھڑا گئی اور اس کے تین وکٹ 58 رن پر ہی گرگئے ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کانوے نے ایک طرف سے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچانے میں اہم رول نبھایا۔ کانوے نے 45 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 63 رن بنائے ۔ سیفرٹ نے 20 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 35 رن بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں گلین فلپس نے 31، گپٹل نے 19 ، اسکاٹ کوگلجین14 اور کپتان کین ولیمسن نے ایک رن بنایاجبکہ ٹم ساؤتھی چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے چار اوورز میں 20 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں ، شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 43 رن پر دو اور حارث رؤف نے چار اوورز میں 44 رن پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بلے بازوں نے عمدہ آغاز کیا۔ سلامی بلے باز حیدرعلی کے آؤٹ ہونے کے بعد رضوان اور محمد حفیظ نے ٹیم کی اننگز کو رفتاری دی اور دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لئے 72 رنز کی شراکت قائم کی۔پاکستان کی اننگز میں حفیظ نے 41 ، خوشدل شاہ نے 13 اور حیدر نے 11 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ نیوزی لینڈ کے لئے ساؤتھی نے چار اوور میں 25 رن دے کر دو وکٹیں، کوگلجین نے چار اوورز میں 40 رنز دے کر دو وکٹیں ، کائل جیمیسن نے 2.4 اوورز میں 22 رنز دے کر ایک وکٹ اور جیمز نیشم نے چار اوورز میں 37 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا۔(یواین آئی)