پاکستان میں سیلاب سے تباہی ہلاکتوں کی تعداد980تک پہنچ گئی

اسلام آباد//یو این آئی// پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے اب تک 980 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور حکومت اس آفت سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ پاکستان میں بارشوں سے متعلقہ واقعات میں 1450 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 8,02,583 جانور مر چکے ہیں جبکہ تقریباً 50 لاکھ افراد کو راحتی کیمپوں میں بھیجا گیا ہے ۔حکام کے مطابق بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ اور سوات کے سیلاب سے صورتحال مزید خراب ہوئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ سکتی ہے ۔ بلوچستان کے کئی اضلاع میں کم از کم چھ مزید باند ٹوٹ گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے 30 اگست تک کئی اضلاع میں بارش کے باعث ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے ۔شہباز شریف حکومت نے تمام متاثرہ صوبوں میں فوج تعینات کر دی ہے ۔