پاکستان سے میچ چیلنج، شکست کا نہیں سوچ رہے: روہت شرما

نئی دلی //بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان سے میچ چیلنج ہے لیکن شکست کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے۔ دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران روہت شرما نے کہا کہ ٹورنامنٹ اسپنرز کا ہے یا نہیں، وقت بتائے گا، ابھی پچ نہیں دیکھی، تمام ہی ٹیموں کے ساتھ فاسٹ اور اسپن بولرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور جسپریت بومرہ دونوں ہی اپنی ٹیموں میں کوالٹی لاتے ہیں، ان کی جگہ جن کو بھی موقع ملے گا وہ اچھا ہی کریں گے۔ روہت شرما نے مزید کہا کہ ماضی میں جو بھی رزلٹ آیا، ہم نے اُس کو بھلا کر کھیلنا ہوگا، گزشتہ شکست سے دکھ ہوا تھا لیکن اُسے وقت گزر چکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُس شکست کے بعد ہم نے بہت میچ کھیلے ہیں اور اپنی غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ بھارتی کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی اچھی ٹیمیں ہیں، میچ اب بھی چیلنج ہے لیکن شکست کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ بائیو سیکیور ماحول کی وجہ سے ہر کھلاڑی کو مشکل ہوئی، اگر کوئی کھلاڑی ذہنی طور پر متاثر ہونے کی بات کرتا ہے تو یہ غلط نہیں ہے، کھیل سے پہلے مینٹل ہیلتھ کا اچھا ہونا ضروری ہے۔ روہت شرما نے کہا کہ ہمارے لیے یہ غیر معمولی بات نہیں ہے کہ پاک بھارت کھلاڑی ایک دوسرے سے ملتے ہیں یا ہم فینز سے ملتے ہیں۔