پاکستان زیر انتظام کشمیر کی دو کمسن بہنیں

راجوری// ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر اتوار کی صبح بھارتی حدود میں نادانستہ طور پر داخل ہونے والی پاکستان زیر انتظام کشمیر کی دو کمسن بہنوں کوایک روز بعد بھارتی فوج نے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کی بنا پر پاکستان کے حوالے کیا۔ اس موقعہ پر انہیں تحا ئف بھی دیئے گئے۔عباس پورہ کہوٹہ مظفر آباد کی 17سالہ لائبہ زبیر اور اسکی بہن 13سالہ ثنا زبیر اتوار کی صبح نادانستہ طور پر پونچھ سیکٹر کے راستے بھارتی حدود میں داخل ہوئی تھیں۔دونوں بہنوں کوحکام نے پیر کے روز ضلع پونچھ کے چکن دا باغ علاقے کے راستے سے واپس وطن روانہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ کمسن بچیوں کو تحائف کے ساتھ واپس اپنے وطن بھیج دیا گیا۔پیر کو قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد بھارتی فوج نے ایک   مجسٹریٹ کی موجودگی میں خواتین افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ  چکاداں باغ کراسنگ پوائنٹ پر انکی حوالگی عمل میں لائی۔اس موقعہ پر پاکستانی فوج کیساتھ انکی کواتین افسران و اہلکاروں کے علاوہ ایک مجسٹریٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے دونوں بہنوں کو حاصل کیا۔تحائف کے پیکٹ،مٹھیائیاں اور کپڑے انہیں دیئے گئے۔دریں اثنا گھر واپسی سے قبل ایک بہن اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہتی ہیں کہ یہاں ہمارے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا گیا۔انہوں نے کہا: ‘ہم اپنے گھر سے بھٹک کر ادھر پہنچے ، ہمیں پکڑا گیا اورپھر تھوڑی بہت پوچھ تاچھ کی گئی۔ ہم نے سوچا تھا کہ یہ لوگ ہمیں ماریں گے لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا’۔موصوفہ نے کہا کہ ہمیں یہاں ان لوگوں (فوج) نے اپنے پاس رکھا اور ہمیں کھانا کھلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوچتے تھے کہ ہمیں واپس جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی لیکن ہمیں بہت جلد ہی اپنے گھر واپس جانے کی اجازت مل گئی۔