پاکستانی کشمیر میں9 افراد زخمی

 مظفر آباد//نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 لڑکیوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر ولید انوار کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب تقریباً تمام گاؤں میں صبح 7 بجے شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری تعداد میں مارٹر گولے برسائے۔بھارت کی جانب سے فائر کیا جانے والا ایک شیل پالانی گاؤں میں حاجی اسلم کے گھر کی چھت پر گرا جس کے نتیجے میں ان کی دو بیٹیاں زخمی ہوئیں جن کی شناخت 22 سالہ مسرت اور 15 سالہ ثمرہ کے نام سے کی گئی۔جیر مرگ اور دھاروتی ناری گاؤں میں بھی بھارتی گولوں سے 11 سالہ علیبہ مجید اور 35 سالہ محمد زہور مغل زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ بالا کوٹ کے علاقے میں 3 افراد زخمی ہوئے جن میں 18 سالہ عبدالعزیز، 52 سالہ عبدالغنی اور ان کی 42 سالہ اہلیہ فرزند بیگم شامل ہیں۔اس کے علاوہ نار دبسی گاؤں میں 50 سالہ شمیم اختر بھی زخمی ہوئے۔