پاکستانی باشندے کو چھ روز بعد اپنے وطن واپس بھیجا گیا

نیوز ڈیسک
سری نگر// حکام نے چھ روز قبل غیر دانستہ طور پر سرحد پار کرنے والے پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے ایک باشندے کو بدھ کے روز چکن دا باغ کرانسگ پر پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

 

بتا دیں یہ شخص منجکوٹ تحصیل کے بھمبر گلی بریگیڈ علاقے میں28 اپریل کو غیر دانستہ طور پر سرحد پار کر گیا تھا اور فوج نے اس کو پکڑ لیا تھا۔

 

مذکورہ شخص کی شناخت ادھیڑعمر کے محمد حسین ولد شاہ ولی سکان کوٹلی پاکستان زیر قبصہ کشمیر کے بطور ہوئی تھی۔

 

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص غیر دانستہ طور پر سر حد پار کر گیا تھا جس کے بعد اس کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستانی حکام کے ساتھ ہاٹ لائن پر رابطہ کرکے اس شخص کے متعلق تفصیلات شیئر کی گئیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ طرفین کے درمیان اتفاق ہونے کے بعد مذکورہ شخص کو منگل کے روز عید الفطر کے موقعے پر قریب پونے ایک بجے دن چکن دا باغ کراسنگ پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔