عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں پہلے مرحلے کے تحت ہورہے اسمبلی انتخابات میں نئے بنائے گئےپاڈر ناگسینی اسمبلی حلقے سے 6امیدوار میدان میں ہیں اور انکی قسمت کا فیصلہ 40732ووٹران کریں گے۔ اس اسمبلی حلقے میں 20866مرد ،19865خواتین جبکہ 1خواجہ سرا ووٹرہے جبکہ یہاں کل 108پولنگ مراکز قایم کئے گئےہیں۔ یہاں بھاجپا و نیشنل کانفرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ سال 2022میں ہوئی حدبندی میں کشتواڑ اسمبلی حلقےکو دو حلقوں میں تقسیم کیا گیا اور پاڈر و ناگسینی ایک نیا حلقہ بنایا گیا جو ملک کا سب سے امیر ترین اسمبلی حلقہ مانا جارہاہے۔ یہاں لگ بھگ پچاس ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تین بڑے پاور پروجیکٹ زیرتعمیر ہیںجن میں کواڈ، کیرو ،پکل ڈول، ہستی ، کرتھائی پروجیکٹ شامل ہیںجبکہ پاڈر لداخ قومی شاہرہ بھی اسی اسمبلی حلقے میں بننے جاررہی ہے ۔ دنیا کی سب سے قیمتی نیلم کی کانیں بھی اسی علاقے میں پائی جاتی ہیں جسے آنے والے وقت میں یہ اسمبلی حلقہ ہزاروں کروڑ روپے کی آمدنی کا مرکز بن سکتاہے۔اس اسمبلی حلقے کو کشتواڑ اسمبلی حلقہ سے الگ کرکے بنایاگیا ہےجس میں کشتواڑ کے منڑل کے علاقے پوچھال، پوہی ہولر، باندرنہ، چیرہاڑ بیرواڑ، ڈول ،ناگسینی پاڈر، چیاس، مچیل، اشتہاری گندھاری کے علاقے شامل ہیں۔اس اسمبلی حلقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری و کشمیر کے انچارج سابق وزیر سنیل کمار شرما کا مقابلہ نیشنل کانفرس کی ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن پوجاٹھاکر سے براہ راست ہے جبکہ پی ٖڈی پی کے امیدوار سدیش مہاجن اور دیگر تین آزاد امیدواد بھی قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔سابق وزیر سنیل کمار شرما،جنہوں نے سال 2014کے انتخابات میں نیشنل کانفرس کے سجاد احمد کچلو کو کشتواڑ حلقے سے شکست دی تھی، نے اس بار پاڈر ناگسینی سے لڑنے کا فیصلہ لیا وہیں نیشنل کانفرس کی پہلی خاتون امیدوار کو ٹکٹ دیکرضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن پوجاٹھاکر سنیل شرما کو کڑی ٹکر دےسکتی ہے۔ اس اسمبلی حلقہ میں بیشتر اس حلقے سے تعلق ہی نہیں رکھتے ہیں لیکن اس حلقے میں الیکشن لڑرہے ہیں ۔108پولنگ مراکز اس اسمبلی حلقے میں قایم کئے گئے ہیں۔سب سے کم ووٹر والا پولنگ بوتھ کدھیلو ہے جہاں صرف 64ووٹر ہے جن میں37مرد اور 27خواتین ہیں۔ وہیں سب سے بڑا پولنگ بوتھ اٹھولی ہے جہاں 1054ووٹر ہیں جن میں501مرد جبکہ 553خواتین شامل ہیں۔اس اسمبلی حلقے کا ایک حصہ جہاں ہماچل پردیش سے جاملتاہے وہیں ایک حصہ لداخ سے جالگتاہے جسے یہ حلقہ کافی اہم مانا جارہاہے۔