پاڈر میں گندم ، گیہوں وسرسوں کی فضل کو نقصان

 سرینگر //کشتوار ضلع میں حالیہ تازہ برف باری اور بارشوں کے نتیجے میں فصلوں ومیوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں نقصان کے عوض معاوضہ فراہم کیا جائے ۔ضلع کشتوار میں موسم میں آئی تبدیلی سے جہاں بالائی علاقوں میںبرفباری ہوئی وہیں میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی ہیں جسکے سبب متعدد مقامات سے مالی نقصان کی اطلاع موصول ہورہی ہے۔ اس دوران سب ڈویژن پاڈر میں بھی تازہ برفباری کے سبب گیہوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ وقت برفباری کا نہیں تھا لیکن اچانک برفباری نے کسانوں کا بھاری نقصان کیا ہے جو اسے قبل کبھی نہیں ہوا تھا۔ گیہوں، گندم و سرسوں کی فصلیں مکمل تباہ ہوچکی ہے جبکہ انکی ساری محنت ضائع ہوگی ہے ۔60 سالہ کسان رام سنگھ نے بتایا کہ اس سے قبل انہوں نے کبھی اپنی زندگی میں اس قسم کا نقصان نہیں دیکھا جتنا نقصان آج ہوا ہے اور فصل مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر موسم میں بہتری نہ آئی تو دھان کی فصل کو بھی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔سب ڈویژن میں میوہ باغات کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے ۔مقامی کسانوں نے گورنر و ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کو ہوے نقصان کا تخمینہ لگاکر انہیں معقول معاوضہ فراہم کریں تاکہ انہیں مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔